سرورققومی خبریں

ایئر انڈیا طیارہ حادثہ: برطانوی شہری نشست 11A سے معجزاتی طور پر زندہ بچ گیا، 204 نعشیں برآمد

نشست 11A پر بیٹھے برطانوی شہری وشواش کمار رمیش کی معجزاتی جان بچی

احمدآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ایئر انڈیا کے لندن جانے والے بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارہ کا حادثہ پیش آیا، جس میں 242 افراد سوار تھے۔ طیارے میں موجود 242 افراد میں سے صرف ایک شخص، 40 سالہ برطانوی شہری وشواش کمار رمیش، معجزاتی طور پر زندہ بچ نکلے۔

وشواش کمار، جو برطانوی شہری ہیں، چند دنوں کے لیے بھارت آئے تھے تاکہ اپنے اہل خانہ سے ملاقات کر سکیں۔ وہ اپنے بڑے بھائی، 45 سالہ اجے کمار رمیش کے ہمراہ برطانیہ واپس جا رہے تھے۔  وہ طیارے کی نشست 11A پر، ایمرجنسی ایگزٹ کے قریب بیٹھے تھے۔ حادثے کے وقت وشواش نے آخری لمحے میں طیارے سے چھلانگ لگا دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔طیارہ جیسے ہی احمدآباد ایئرپورٹ سے اڑا، تقریباً 30 سیکنڈ بعد ایک زور دار دھماکہ ہوا اور طیارہ زمین سے ٹکرا گیا۔

وشواش نے اسپتال کے بستر سے بتایا:
"پرواز کے تیس سیکنڈ بعد ایک زور دار دھماکہ ہوا، پھر طیارہ زمین پر گر پڑا۔ آنکھ کھلی تو ہر طرف نعشیں اور جہاز کے ٹکڑے بکھرے تھے۔ میں ڈر گیا، اٹھا، بھاگا۔ کسی نے مجھے پکڑ کر ایمبولینس میں ڈالا اور اسپتال لایا۔”

وہ اس وقت سول اسپتال، آسروا میں زیر علاج ہیں۔ ان کے سینے، آنکھوں اور پیروں پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔ ان کا بھائی اجے کمار ابھی تک لاپتہ ہے۔

وشواش اب احمدآباد کے سول اسپتال کے جنرل وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ ان کے پاس اب بھی اپنی بورڈنگ پاس موجود ہے۔ وہ گزشتہ 20 برسوں سے لندن میں مقیم ہیں، جہاں ان کی بیوی اور بچہ بھی رہتے ہیں۔

وشواش نے پریشانی کے عالم میں بتایا:
"میرا بھائی اجے کمار میرے ساتھ سفر کر رہا تھا لیکن وہ کسی اور نشست پر تھا۔ میں اب تک اسے تلاش کر رہا ہوں۔ پلیز میری مدد کریں!”

اسپتال میں وشواش کی طرح کئی مسافروں کے اہل خانہ بھی اپنے پیاروں کو تلاش کرتے نظر آئے۔ ان میں سابق گجرات وزیراعلیٰ وجے روپانی کے اہل خانہ بھی شامل ہیں، جو طیارے میں سوار تھے۔

سابق وزیراعلیٰ کے پرانے معاون شیلش مندلیہ نے اسپتال میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا:
"ہم ان کی تلاش میں ہیں۔ اگر کوئی خبر ہو تو براہِ کرم مطلع کریں۔”

ایئر انڈیا نے بتایا کہ طیارے میں موجود 230 مسافروں میں سے 169 بھارتی، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور 1 کینیڈین شہری تھے۔ حادثے کی تحقیقات کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ متاثرین کے اہل خانہ کے لیے ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دی گئی ہے۔

یہ طیارہ دن 1:39 بجے رن وے 23 سے اڑا تھا، جس میں 2 پائلٹس، 10 کیبن کریو اور 230 مسافر سوار تھے۔ پرواز کے فوراً بعد ڈی جی سی اے (DGCA) کے مطابق مے ڈے (Mayday) سگنل جاری کیا گیا، لیکن ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

طیارہ میگھن نگر کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں کالے دھویں کے بادل چھا گئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں طیارے کی تباہی کے مناظر، چیخ و پکار اور آگ کی لپٹیں دیکھی جا سکتی ہیں۔

احمدآباد پولیس چیف جی ایس ملک کے مطابق، اب تک 204 نعشیں حادثہ کے مقام سے نکالی جا چکی ہیں۔ حکام نے مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ کو سیل کر دیا گیا ہے۔

🌍 تازہ ترین خبریں، اپڈیٹس اور دلچسپ معلومات حاصل کریں!
🔗 اردو دنیا نیوز واٹس ایپ گروپ:

JOIN now

متعلقہ خبریں

Back to top button