ایئر انڈیا کی پرواز میں زچگی: 35 ہزار فٹ کی بلندی پر تھائی خاتون نے بچے کو جنم دیا
خاتون ایک صحت مند بیٹے کو جنم دینے میں کامیاب رہیں۔
ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مسقط سے ممبئی جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا۔تھائی لینڈ کی 29 سالہ خاتون مسافر نے 35,000 فٹ کی بلندی پر ایک صحت مند بچے کو جنم دیا۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب خاتون کو پرواز کے دوران اچانک درد زہ شروع ہوا۔ایئرلائن کے مطابق، جیسے ہی خاتون کو تکلیف محسوس ہوئی، کیبن عملہ فوری حرکت میں آ گیا۔ جہاز میں موجود ایک نرس کی مدد سے خاتون کا کامیاب طور پر ہوائی جہاز میں ہی زچگی کروائی گئی۔
عملے نے فوری طور پر خاتون کی پرائیویسی کو برقرار رکھتے ہوئے دیگر مسافروں کی سیٹیں تبدیل کروائیں اور سب کو موبائل فون بند کرنے کی ہدایت دی۔یہ خوشی کا لمحہ صبح 3:15 بجے پیش آیا جب وہ خاتون ایک صحت مند بیٹے کو جنم دینے میں کامیاب رہیں۔ بعد ازاں، پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو صورت حال سے آگاہ کیا اور پرواز کو فوری طور پر ممبئی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ جہاز 4:02 بجے لینڈ ہوا اور خاتون اور نومولود کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایئر انڈیا ایکسپریس کی ایک خاتون اسٹاف رکن اسپتال میں بھی خاتون کے ساتھ موجود رہیں تاکہ ہر طرح کی مدد فراہم کی جا سکے۔
ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ "ایئر انڈیا ایکسپریس تھائی لینڈ قونصل جنرل، ممبئی کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ خاتون اور ان کے بچے کو وطن واپسی کے لیے ضروری مدد فراہم کی جا سکے۔”ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، اس خاتون کے پاس بھارت کا ویزا موجود نہیں تھا اور اسے اسی رات بینکاک جانے والی کنیکٹنگ فلائٹ سے سفر کرنا تھا۔ ایئر لائن اس وقت تھائی لینڈ قونصلیٹ کے ساتھ مل کر مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے



