تلنگانہ کی خبریں

پٹرول میں ایتھنال کی ملاوٹ کی مخالفت، اکبر الدین اویسی کا احتجاج

15 فیصد قیمت میں کمی کی جائے، جی ایس ٹی کی مخالفت ، ایوان سے واک آؤٹ

حیدرآباد: (اردودنیا.اِن/ایجنسیز)تلنگانہ اسمبلی میں مجلس اتحاد المسلمین کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے پٹرول میں 15 فیصد ایتھنال کی ملاوٹ پر سخت اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر پٹرول میں ملاوٹ کی جا رہی ہے تو اس کی قیمت میں بھی 15 فیصد کمی کی جائے۔ انہوں نے جی ایس ٹی کو ریاست کی معیشت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے بطور احتجاج ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

جی ایس ٹی ترمیمی بل پر بحث کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ مجلس ابتدا ہی سے جی ایس ٹی کی مخالفت کرتی آئی ہے اور موجودہ ترمیمی بل پر بھی اپنے موقف کو دہرا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ون نیشن ون ٹیکس‘‘ کے تصور نے چھوٹی اور ترقی یافتہ ریاستوں کو شدید مالی نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست سے بڑی مقدار میں ٹیکس مرکز کو منتقل کیا جا رہا ہے، لیکن بدلے میں نہایت کم فنڈس فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ریاست قرض کے بوجھ تلے دبتی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق تلنگانہ کم آبادی کے باوجود زیادہ جی ایس ٹی ادا کر رہی ہے، جبکہ زیادہ آبادی والی ریاستوں کو نسبتاً زیادہ مالی امداد دی جا رہی ہے، جو صریح ناانصافی ہے۔

اکبر الدین اویسی نے دعویٰ کیا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد سے تلنگانہ کو تقریباً 80 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے اور حکومت کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی تلنگانہ کی معیشت کو مسلسل کمزور کر رہی ہے۔

پٹرول میں ایتھنال کی ملاوٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس کا کنٹراکٹ مرکزی وزیر کے فرزند کو دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پٹرول میں ملاوٹ کی جا رہی ہے تو عوام کو دھوکہ دینے کے بجائے قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔

اکبر الدین اویسی نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت موجودہ وزیر اعظم نے روپے کی قدر میں کمی پر طنز کیا تھا، جبکہ آج روپے کی قدر اس سے کہیں زیادہ گر چکی ہے۔

بحث کے دوران بی جے پی ارکان کے احتجاج کے بعد مجلس اتحاد المسلمین کے ارکان نے بطور احتجاج ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button