نوٹ بندی کے دوران قطار میں پیدا ہونے والے ’خزانچی‘ کا اکھلیش یادو نے کرایا اسکول میں داخلہ
کانپور، 3نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نوٹ بندی کے دوران 2016 میں بینک کی قطار میں پیدا ہونے والے 6 سالہ بچے خزانچی ناتھ کا داخلہ اسکول میں کرایا گیا ہے۔سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے، جنہوں نے خزانچی کی دیکھ بھال کا وعدہ کیا تھا، اسے اسکول میں داخل کرایا ہے۔خزانچی کو اسکول یونیفارم میں دیکھنے کے بعد اکھلیش یادو نے بچے کی تصویر ٹوئٹ کی اور لکھا کہ نوٹ بندی کی قطار میں پیدا ہونے والے خزانچی ناتھ اب بڑے ہو گئے ہیں۔ ہم نے ان کی پڑھائی کی ذمہ داری لی ہے۔
تعلیم کی طاقت سے شخصیت کی دیگر قوتوں کا جنم ہوتا ہے۔ تعلیمی بااختیاری سے بڑی اور کوئی بااختیاری نہیں ہے۔بچے کی ماں سرویشا دیوی نے کہا کہ سماجوادی پارٹی سربراہ نے ان کے بیٹے خزانچی کی تعلیم کی ذمہ داری لی ہے۔ پیر کے روز اس کا اسکول کا پہلا دن تھا۔ انہوں نے کہا کہ اکھلیش یادو نے اسے کانپور دیہات کے جھنجک علاقہ میں واقع راما انٹرنیشنل اسکول میں داخل کرایا ہے۔جب خزانچی پیدا ہوا تھا تو اکھلیش یادو نے اس کی ماں اور بھائی-بہنوں کی مدد کی تھی اور خزانچی کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اسکول کے ڈائریکٹر آکاش گپتا نے کہا کہ ہفتہ (29 اکتوبر) کو داخلہ کی کاروائی پوری کر لی گئی تھیں ،اور پیر کے روز وہ پہلی بار اسکول پہنچا۔



