اکھلیش یادو نے پوسٹل بیلٹ کا معاملہ اٹھایا کہا-304 سیٹوں پر ہوئی ایس پی اتحاد کی جیت
لکھنؤ،15؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اترپردیش اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی اتحاد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے بعد ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ ایس پی اتحاد کو پوسٹل بیلٹ میں 51.5 فیصد ووٹ ملے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس حساب سے ایس پی اتحاد کو 304 سیٹیں ملی ہیں، لہٰذا انتخاب میں ہماری جیت ہوئی ہے۔
اکھلیش یادو نے اپنے ایک ٹویٹ میں پوسٹل بیلٹ کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ الیکشن کی حقیقت بیان کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ ڈالنے والے ہر اس سچے سرکاری ملازم، استاد اور ووٹر کا شکریہ جنہوں نے ہمیں خلوص دل سے ووٹ دیا۔ انہوں نے ٹویٹ کے آخر میں لکھا کہ حکمران یاد رکھیں، دھوکہ سے طاقت نہیں ملتی!
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دوسری بار اتر پردیش میں اکثریت حاصل کرکے اقتدار میں واپسی کی۔ بی جے پی اتحاد کو 273 سیٹیں ملی ہیں۔ ایس پی کی قیادت والے اتحاد کو 125 سیٹیں ملی ہیں۔ تاہم ایس پی اتحاد کو امید تھی کہ اس بار وہ بی جے پی کو شکست دے کر اقتدار میں واپس آئیں گے۔ لیکن الیکشن کے نتیجے نے ایس پی کے خواب چکنا چور کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یوپی کے سینئرلیڈر سوامی پرساد موریہ نے ای وی ایم کو لے کر سوال اٹھایا تھا۔ سوامی پرساد موریا نے ہارنے پر ووٹوں کی گنتی میں گڑبڑ ی کا الزام لگایا ہے۔سوامی پرساد موریا نے سوشل میڈیا پر ایک ٹویٹ کیا ہے۔
اس ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ بیلٹ پیپر ووٹنگ میں سماج وادی پارٹی نے 304 سیٹیں جیتی ہیں، جبکہ بی جے پی کو صرف 99۔ لیکن بی جے پی نے ای وی ایم کی گنتی میں الیکشن جیت لیا، اس کا مطلب ہے کہ کوئی بڑا کھیل ہوا ہے۔



