فتح پور ،15فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اسمبلی انتخاب کی مہم کے تحت جلسہ عام سے خطاب کرنے فتح پور پہنچے سابق سی ایم اکھلیش یادو نے بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ گرمی دور کردینے والے سی ایم یوگی کے بیان کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے دو مرحلوں کی پولنگ ہوئی ہے، بی جے پی کی ساری گرمی نکل گئی ہے اور بی جے پی ٹھنڈی پڑ گئی ہے۔
اکھلیش نے فتح پور کے ایم آئی سی گراؤنڈ سے کھاگا امیدوار رام تیرتھ پرہنس، حسین گنج کی امیدوار اوشا موریہ، ایاہ شاہ امیدوار وشم بھر نشاد اور فتح پور کے امیدوار سی پی لودھی کے حق میں ووٹ مانگے۔ اس کے بعد انہوں نے جہان آباد میں دوسرے جلسہ عام سے خطاب کیا اور بندکی سے امیدوار مدن گوپال ورما اور امیدوار رامیشور دیال دیالو کے حق میں ووٹ مانگے۔
اکھلیش یادو نے اپنے خطاب میں یوگی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب سی ایم خود لیپ ٹاپ نہیں چلاسکتے ، تو وہ طالبات کو لیپ ٹاپ کیا دیں گے ۔ کسانوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ منڈیوں میں دھان لوٹ لیا گیا، کھاد نہیں مل رہی ہے۔ریاست کی ڈبل انجن والی حکومت میں بدعنوان کا گراف بھی دوگنا ہو گیا ہے۔
روزگار کے موضوع پر انہوں نے کہا کہ اگر ایس پی کی حکومت بنتی ہے تو ان کی ریاست میں آئی ٹی کے شعبے میں 22 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا۔ وہیں اکھلیش یادو نے کہا کہ بابا (یوگی آدتیہ ناتھ )اپنے پسندیدہ جانو رکو سنبھالنے سے قاصر ہے۔
اکھلیش نے کہا کہ اگر ہماری حکومت بنتی ہے تو جانوروں کی وجہ سے مرنے والوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ اکھلیش یادو نے وعدہ کیا کہ راشن کے ساتھ گھی اور سرسوں کا تیل بھی دیا جائے گا ۔



