
اکولا میں ہم جنس پرست لیو ان ریلیشن شپ کا المناک انجام، بے وفائی کے شبے میں ساتھی کا قتل
اکولا میں لیو ان ریلیشن شپ کے دوران قتل کا واقعہ، پولیس تفتیش جاری
اکولہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مہاراشٹر کے اکولہ شہر سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں تین سال سے لیو ان ریلیشن شپ میں رہنے والے دو نوجوانوں کے درمیان بے وفائی کے شبے نے خونی رخ اختیار کر لیا۔ واقعہ اکولا کے موتی عمری علاقے میں پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو سکتے میں ڈال دیا۔
پولیس کے مطابق امول اور نتیش گزشتہ تین برسوں سے ایک ہی گھر میں مقیم تھے اور ہم جنس پرست تعلقات میں زندگی گزار رہے تھے۔ ابتدائی دنوں میں دونوں کے درمیان تعلقات معمول کے مطابق تھے اور وہ ایک دوسرے کے ساتھ گھریلو ذمہ داریاں بھی بانٹتے تھے۔
تاہم گزشتہ چند مہینوں سے رشتے میں تناؤ بڑھنے لگا۔ نتیش کو شبہ تھا کہ امول کا کسی اور شخص کے ساتھ تعلق قائم ہو گیا ہے۔ یہی شبہ آئے دن کے جھگڑوں کی بنیاد بنتا چلا گیا اور معاملہ آہستہ آہستہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔
واقعہ کی رات نتیش باہر سے امول کے لیے کھانا لے کر آیا۔ اسی دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو شدید جھگڑے میں بدل گئی۔ غصے اور بے اعتمادی کے عالم میں نتیش نے لاٹھی سے امول کے سر اور چہرے پر متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں امول موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
قتل کے بعد اگلی صبح نتیش گھبراہٹ کے عالم میں گھر سے باہر نکلا اور شور مچانے لگا کہ امول گر کر مر گیا ہے۔ اس کی آواز سن کر محلے کے لوگ جمع ہو گئے، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
سول لائنز پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعش کا معائنہ کیا تو جسم پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے۔ ابتدائی تفتیش میں موت کی وجہ سر اور چہرے پر شدید چوٹیں قرار دی گئیں۔ سخت پوچھ گچھ کے دوران نتیش نے جرم کا اعتراف کر لیا۔
پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا اور نتیش کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گزشتہ تین سال سے سنجے نگر موتی عمری علاقے میں ایک ساتھ رہ رہے تھے۔



