الشفا اسپتال :اسرائیلی فوج کا سرچ آپریشن،مضبوط طاقتوں کو غزہ میں رہنا ہوگا
امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پر قبضہ کرنا ایک بڑی غلطی ہو گی۔
مقبوضہ بیت المقدس، 17نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے کہا ہے کہ جنگ کے بعد حماس کے عسکریت پسند گروپ کو دوبارہ ابھرنے سے روکنے کے لیے مستقبل قریب میں ایک بہت مضبوط قوت کو غزہ میں رہنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ لیکن امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پر قبضہ کرنا ایک بڑی غلطی ہو گی۔جمعرات کو ‘فنانشل ٹائمز’ کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی صدر کا کہنا تھا کہ اگر ہم (غزہ) سے پیچھے ہٹتے ہیں تو پھر اسے کون سنبھالے گا؟ ہم کوئی خلا نہیں چھوڑ سکتے۔ ہمیں اس کے لیے کوئی طریقہ کار سوچنا ہو گا، اس حوالے سے بہت سے خیالات سامنے آئے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی اس جگہ کو دوبارہ دہشت گردوں کے اڈوں کے طور پر نہیں دیکھنا چاہے گا۔اسرائیلی صدر کے بقول حکومت بہت سے ایسے آپشنز پر غور کر رہی ہے کہ جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کو کس طرح چلایا جائے گا۔اس حوالے سے امریکہ اور خطے میں ہمارے ہمسایہ ملکوں کا بھی کردار ہو گا۔دوسری جانب بائیڈن نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو پر واضح کر دیا ہے کہ دو ریاستی حل ہی اسرائیل اور فلسطینیوں کے تنازع کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے اور غزہ پر قبضہ ایک بڑی غلطی ہو گا۔
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ حماس نے اسپتال کے نیچے اپنا فوجی ہیڈکوارٹر قائم کر کے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔واضح رہے کہ امریکہ اور مغربی ممالک نے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کی محدود تعداد بندوقوں کے ساتھ الشفا اسپتال میں داخل ہوئی اور ہم نے اُن کے انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا تھا۔فلسطینی اتھارٹی کاجو مقبوضہ مغربی کنارے کے کچھ علاقوں پر انتظامی اختیار رکھتی ہے موقف ہے کہ غزہ مستقبل کی فلسطینی ریاست میں شامل ہو گا۔اسرائیل نے حماس کو تباہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ لیکن اس نے یہ طے کرنے کے لیے کوئی منصوبہ پیش نہیں کیا کہ جنگ کے بعد غزہ کا انتظام کون سنبھالے گا۔
نیتن یاہو کہہ چکے ہیں کہ اسرائیل کو غیر معینہ مدت کے لیے غزہ میں سیکیورٹی کی مجموعی ذمہ داری کو برقرار رکھنا ہو گا۔جمعرات کو اسرائیل کی فوج کی توجہ غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا پر رہی جہاں اس کا دعویٰ ہے کہ حماس نے ہتھیاروں کو ذخیرہ کیا اور عمارتوں کے نیچے سرنگوں میں کمانڈ سینٹر چلایا۔اسرائیلی فوج بدھ کو علی الصبح الشفا اسپتال میں داخل ہوئی تھی اور پورا دن وہاں تلاشی کا عمل جاری رکھا تھا۔اسرائیلی فوج نے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں اسپتال کمپلیکس سے خود کار ہتھیار، گولہ بارود، دستی بم اور دیگر ساز و سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔اسرائیلی فوج بدھ کو علی الصبح الشفا اسپتال میں داخل ہوئی تھی اور پورا دن وہاں تلاشی کا عمل جاری رکھا تھا۔



