بین الاقوامی خبریںسرورق

العلا کی تاریخی مسجد ’’العظام‘‘جہاں قبلہ کی سمت ہڈیوں کی مدد سے متعین ہوئی

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان منصوبے کے تحت العلا کی تاریخی مسجد العظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے

ریاض ،یکم اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان منصوبے کے تحت العلا کی تاریخی مسجد العظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ شہزاد محمد بن سلمان مملکت بھر میں تاریخی مساجد کی اصلاح و مرمت، تعمیر، تزئین و آرائش کے ایک منصوبے کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔مملکت کے سرکاری خبر رساں ادارے ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق مسجد العظام کا تعلق سیرت طیبہ سے ہے۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم جب 9ھ مطابق 630 عیسوی میں وادی القری آئے تھے تب انہوں نے یہاں قبلے کا رخ مقرر کیا تھا۔ اس وقت یہ علاقہ وادی القری کہلاتا تھا جو اب العلا کے نام سے مشہور ہے۔ قبلے کا رخ متعین کرنے کے لیے پتھر نہیں تھے تو ہڈیوں کے ذریعے قبلے کی سمت متعین کی گئی تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہاں نماز ادا کی تھی۔ بعد میں وہاں مقامی لوگوں نے مسجد تعمیر کر کے اسے مسجد العظام کا نام دیا تھا یعنی وہ مسجد جہاں قبلے کی سمت ہڈیوں کے ذریعے متعین کی گئی تھی۔

مسجد العظام کی تعمیر میں پتھر استعمال کیے گئے تھے۔ اس کی داخلی دیواریں مٹی سے تیار کی گئی تھیں۔ یہ مسجد کئی بار تعمیر ہوئی۔ ان دنوں شہزادہ محمد بن سلمان منصوبے کے تحت اس کی تعمیر نو کا کام جاری ہے۔مقررہ پروگرام کے مطابق مسجد العظام کو قدیم طرز تعمیر کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سابقہ تعمیر کی دقیق ترین تفصیلات ریکارڈ کر لی گئی تھیں ان کو پیش نظر رکھ کر کام کیا جا رہا ہے۔مسجد العظام مذہبی، ثقافتی، تمدنی و اسلامی مقام و رتبے کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی کردار کی مالک بھی رہی ہے۔ یہاں قریے کے لوگ اپنے سماجی مسائل حل کرنے کے لیے جمع ہوتے تھے۔ یہ وادی القری قدیم قصبے کے سینٹر میں واقع ہے۔ دُنیا کے مختلف علاقوں کے سیاح اسے دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button