دبئی،16؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چنئی سپر کنگز کے آل راؤنڈر معین علی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ٹرافی جیتنے والے انگلینڈ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ سی ایس کے نے جمعہ کو دبئی میں کھیلے گئے آئی پی ایل 14 کے فائنل میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو شکست دے کر چوتھی بار ٹرافی جیتی۔
معین علی کو 2021 کی نیلامی میں سی ایس کے نے خریدا تھا۔ انہوں نے خطابی میچ میں 20 گیندوں پر 37 رنز بنائے جو ٹیم کی فتح میں اہم ثابت ہوئے ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سی ایس کے نے 20 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے سیم کرن بھی سی ایس کے کا حصہ ہیں، لیکن وہ پلیئنگ 11 میں نہیں تھے۔ معین علی پہلے انگلش کھلاڑی ہیں جو آئی پی ایل کا فائنل جیتنے والی ٹیم کے پلیئنگ 11 کا حصہ تھے۔ اس سے قبل انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی اور مارک ووڈ 2018 میں چمپئن بننے والی سی ایس کے کا حصہ تھے۔
حالانکہ یہ دونوں کھلاڑی فائنل میں نہیں کھیلے تھے۔ معین علی نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک شاندار تجربہ تھا اور انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ آئی پی ایل کا خطاب جیتیں گے۔ یہ حیرت انگیز ہے، اور میں واقعی اس کو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔
معین نے آئی پی ایل 2021 میں سی ایس کے کے لیے شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے 15 میچوں میں 357 رنز بنائے اور دھونی کی قیادت میں ٹیم کے لیے چھ وکٹیں حاصل کیں۔



