کسان احتجاج کے پیش نظر دہلی کی تمام سرحدیں سیل کردی گئیں
کسانوں کے راستے میں کانٹے اور کیل بچھانا یہ امرت کال ہے یا ناانصافی؟
نئی دہلی ،12فروری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کسانوں نے ایک بار پھر مرکزی حکومت سے اپنے مطالبات کے لیے کمر کس لی ہے۔ پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش کے کسان 13 فروری کو دہلی کی طرف مارچ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ تاہم اس سے پہلے آج کسان تنظیمیں مرکزی وزیر زراعت سے بات چیت کرنے والی ہیں۔ اس کے بعد کسان اپنے مستقبل کی حکمت عملی طے کریں گے۔ تاہم جیسے ہی کسان دہلی کی طرف مارچ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، مرکز اور ریاستوں کی طرف سے سیکورٹی کے حوالے سے ٹھوس انتظامات کیے گئے ہیں۔کسانوں کے مارچ کو دہلی پہنچنے سے روکنے کے لیے پولس نے کئی سرحدوں پر رکاوٹیں اور خاردار تاریں لگا دی ہیں۔ کسانوں کے احتجاج کے پیش نظر ریاستی سرحدوں پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ کسانوں کے راستے میں کانٹے اور کیل بچھانا یہ امرت کال ہے یا ناانصافی؟ اس بے حس اور کسان مخالف رویے نے 750 کسانوں کی جان لے لی تھی۔
کسانوں کے خلاف کام کرنا اور پھر انہیں آواز اٹھانے کی اجازت بھی نہیں دینا- یہ کیسی حکومت ہے؟کسانوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں ہوا-نہ ایم ایس پی کا قانون بنا، نہ کسانوں کی آمدنی دوگنی ہوئی- پھر ملک کی حکومت میں کسان نہیں آئیں گے تو کہاں جائیں گے؟ وزیر اعظم! ملک کے کسانوں کے ساتھ ایسا سلوک کیوں؟ کسانوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیوں نہیں کرتے؟
پنجاب کسان مزدور سنگھرش کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سرون سنگھ پنڈھر نے کہا کہ وہ 13 فروری کو بیاس سے احتجاج کریں گے اور فتح گڑھ صاحب میں قیام کریں گے۔ کسانوں کا ایک مطالبہ 60 سال کی عمر کے بعد 10,000 روپے ماہانہ پنشن ہے۔ دہلی پولیس نے کسانوں کے دہلی مارچ سے قبل شمال مشرقی دہلی اور پڑوسی ریاست اتر پردیش کے ساتھ سرحدوں پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ دہلی پولس کے شمال مشرقی ضلع کی حدود میں یوپی سرحد اور آس پاس کے تمام علاقوں میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ دہلی پولیس نے شاہدرہ اور گاندھی نگر علاقوں میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی ہے اور 11 مارچ تک بڑے اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے۔



