تلنگانہ کی خبریںسرورق

لوک سبھا الیکشن میں بی ایس پی اور بی آرایس میں اتحاد

چندر شیکھر راؤ کی قیادت والی بی آر ایس کے ساتھ اتحاد

حیدرآباد،15مارچ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)چندر شیکھر راؤ کی قیادت والی بی آر ایس کے ساتھ اتحاد کے بعد، بی ایس پی تلنگانہ کی کل 17 سیٹوں میں سے حیدرآباد اور ناگرکرنول لوک سبھا سیٹوں سے الیکشن لڑے گی۔ بی آر ایس کی ریلیز میں راؤ نے کہا کہ انہوں نے بی ایس پی کو دو سیٹیں الاٹ کی ہیں۔ بی آر ایس اور بی ایس پی نے لوک سبھا انتخابات کے لئے کے سی آر اور بی ایس پی صدر آر ایس پراوین کمار کے درمیان ملاقات کے بعد 5 مارچ کو اتحاد کا اعلان کیا تھا۔اس اتحاد کے بعد کے سی آر نے کہا کہ دونوں پارٹیاں مختلف مسائل پر ایک جیسے خیالات رکھتی ہیں۔

ان کی قیادت والی پچھلی بی آر ایس حکومت نے دلتوں اور دیگر لوگوں کی بہبود کے لیے دلت بندھو اور دیگر اسکیموں کو نافذ کیا تھا۔ بی ایس پی صدر آر ایس پراوین کمار نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی وجہ سے ملک میں سیکولرازم خطرے میں ہے۔ اس لیے ان کی پارٹی نے بی آر ایس کے ساتھ اتحاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تلنگانہ کو بی جے پی اور کانگریس سے بچایا جاسکے۔بی آر ایس نے سیکولرازم کا تحفظ کیا ہے۔

بی آر ایس نے 13 مارچ کو اطلاع دی کہ بی ایس پی کے راجیہ سبھا ارکان رام جی گوتم، پروین کمار اور دیگر پارٹی قائدین نے کے سی آر کے ساتھ میٹنگ کی۔ آپ کو بتا دیں کہ بی آر ایس نے اب تک 11 لوک سبھا سیٹوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ بی آر ایس ایم ایل اے جی مہیپال ریڈی کے بھائی جی مدھوسودن ریڈی کو غیر قانونی کانکنی کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

جی مہی پال ریڈی پٹانچیرو حلقہ سے ایم ایل اے ہیں۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ جی مدھوسودن ریڈی کو ضلع میں ان کی ملکیت والی کمپنیوں کے ذریعہ غیر قانونی اور زائد کان کنی کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ بی آر ایس نے اس گرفتاری کو ریاست کی حکمراں جماعت کانگریس کی طرف سے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔ تحصیلدار کی شکایت کے بعد جی مدھوسودن ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ فی الحال وہ پولیس کی حراست میں ہے۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button