بین الاقوامی خبریں

الفا، بیٹا، گاما، کیپا؛ کرونا کی اقسام کو نئے نام مل گئے

نیویارک:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے ویرینٹس (اقسام) کو یونانی حروف تہجی کے ناموں سے پکارا جائے گا۔ تا کہ اس سے ان ملکوں کا نام تحقیر سے محفوظ رہے جہاں یہ ویرینٹ پہلی بار دریافت ہوئے ہیں۔دنیا میں اب تک کرونا وائرس کی کم از کم چار ایسی اقسام ہیں جو ان ممالک کے ناموں سے پکاری جاتی ہیں جہاں یہ پہلی بار پائے گئے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق، کرونا کے مخصوص ویرینٹس کو ان ناموں سے موسوم کیا جائے گا، جیسے برطانوی ویرینٹ ‘B.1.1.7‘ کو ’الفا‘ کہا جائے گا جب کہ جنوبی افریقہ میں پائے جانے والے ویرینٹ ‘B.1.351’کو ’بیٹا‘ اور برازیل کے ویرینٹ ‘P.1’ کو ’گاما‘ کہا جائے گا۔بھارت میں پائی جانے والی کرونا کی قسم ‘B.1.617’ کو دو حصوں میں بانٹا گیا ہے۔ یعنی اب ‘B.1.617.2’ کو ویرینٹ کو ’ڈیلٹا‘ جب کہ ‘B.1.617.1’ ویرینٹ کو ’کیپا‘ کہا جائے گا۔

ڈبلیو ایچ او کی کرونا وبا سے متعلق تکنیکی ماہرین کی قائمہ کمیٹی کی سربراہ ماریا وان کرخوو کا کہنا ہے کہ کرونا ویرینٹ کے ناموں کے لیے یونانی حروف کا مقصد عام بات چیت میں مدد فراہم کرنا ہے۔ ماہرین موجودہ سائنسی ناموں کو تبدیل نہیں کریں گے۔یونانی حروف تہجی کے لحاظ سے وضع کردہ ان ناموں کے علاوہ دو قسم کی جینیاتی تبدیلیوں یعنی ’میوٹیشنز‘ کو جغرافیائی ناموں کے لحاظ سے پکارا جاتا تھا۔

تحقیق کے مطابق جب جسم میں کرونا وائرس کی مختلف قسم داخل ہونے کی وجہ سے مدافعتی نظام کی فرسٹ لائن یعنی اینٹی باڈیز کمزور پڑ جاتی ہیں تو نظام کا دوسرا حصہ یعنی سیل وائرس کے خلاف متحرک ہو جاتا ہے۔تاہم، سائنسی حلقوں میں ‘B.1.1.7.2’ قسم کو اسی نام سے یاد کیا جاتا رہے گا جس سے ان کی میوٹیشن سے متعلق معلومات ظاہر ہوتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سائنسی اصطلاح کے اپنے فوائد ہیں لیکن ساتھ ہی یہ مشکل ہوا کرتی ہیں جن میں ذرہ برابر فرق سے غلطی اور ابہام کا اندیشہ پیدا ہوتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عام طور پر تحقیر یا نسلی امتیاز سے بچنے کے لیے ان مقامات کا نام استعمال کیا جاتا ہے جہاں وائرس کا ویرینٹ پہلی بار دریافت ہوا۔

اس ضمن میں ڈبلیو ایچ او نے ان ملکوں کے حکام اور ذرائع ابلاغ پر زور دیا ہے کہ وہ عام رابطوں کے لیے درست انداز اپنانے کو ترجیح دیں اور اسے عام فہم اور سہل بنائیں۔یاد رہے کہ یونانی حروف تہجی کی تختی 24 حروف پر مشتمل ہے۔ ماہرین یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ اگر کووڈ-19 وائرس کے ویرینٹس کی تعداد 24 سے تجاوز کر جاتی ہے تو پھر مزید نئے نام کہاں سے آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button