اوٹاوا/نئی دہلی، 6نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)علیحدگی پسند سکھ گروپوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کے درمیان رائل کنیڈین ماونٹیڈ پولیس (آر سی ایم پی) کی دعوت پر قومی تفتیشی ایجنسی (این ائی اے) کی اعلی سطحی ٹیم کینیڈا پہنچی ہے تاکہ دہشت گردانہ وارداتوں کے سلسلہ میں جانچ اور دیگر مجرمانہ معاملات پر بات چیت میں بہتر تال میل قائم کیاجاسکے۔
این آئی اے کی ٹیم انسپکٹر جنرل آف پولیس کی قیادت میں 4-5 نومبر کو کینیڈا پہنچی۔رپورٹوں کے مطابق این آئی اےکینیڈا میں دہشت گرد تنظیم سکھ فور جسٹس (ایس ایف جے) اور دیگر خالصتان حامی گروپوں ببر خالصہ انٹرنیشنل، خالصتان زندہ باد فورس اور خالصتان ٹائگر فورس سے غیرملکی فنڈنگ لنک کی جانچ کے لئے گئی ہے۔
سکھ فورجسٹس پرہندستانی حکومت نے دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کے لئے پابندی لگارکھی ہے۔ کینیڈا، برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا، فرانس اور جرمنی سے ان علیحدگی پسند گروپوں کی غیرملکی فنڈنگ کی جانچ کی جا ئے گی۔
اوٹاوہ میں ہندستانی ہائی کمیشن کے ایک بیان کے مطابق این آئی اے کی ٹیم نے آر سی ایم پی کے سینئر حکام کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور کئی دیگرسنگین مجرمانہ امور پر چل رہی چھان بین پر ثبوت جمع کئے جانے پر تفصیلی بات چیت کی تاکہ ہندستان اور کناڈا کے دونوں کی جگہوں پر ملزمان پر صحیح کارروائی کی جاسکے۔
کینیڈا میں ہندستانی ہائی کمشنر اجے بساریا نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ہندستان۔کینیڈا کی اسٹریٹجک شراکت داری سے جرائم اور دہشت گردی کی تحقیقات میں تعاون مضبوط ہوگا۔ ہندستان اورکینیڈا کو محفوظ رکھنے کے لئے آر سی ایم پی اور این آئی اے دونوں مل کر کام کررہے ہیں۔



