حیدرآباد:(پریس نوٹ)ماہِ مقدس کی آمد کی خوشی میں، حیدرآباد کے ادارہ تعمیرنیوز کی جانب سے نوجوان قلمکاروں کو "رمضان” کے موضوع پر انشائیہ ارسال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ منتخب شدہ اولین تین (3) انشائیوں کو اعزازی نذرانہ مبلغ ایک ہزار (1000) روپے فی انشائیہ عطا کیا جائے گا۔ اس کے بعد منتخب شدہ مزید تین (3) انشائیوں کو ترغیبی انعام بشکل کتاب ارسال کی جائے گی۔
ان انعامات کا بنیادی مقصد نوجوان قلمکاروں میں مطالعے کے رجحان کی ترغیب اور آن لائن اشاعت کے ذریعے ان کی تحریری صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی ہے۔ عیدِ رمضان کے چاند کے اعلان کے بعد، سوشل میڈیا پر آن لائن پریس نوٹ کے ذریعے نتائج کا اعلان کرنے کے ساتھ انعام کی رقم بروز عید ارسال کر دی جائے گی۔
اپنے انشائیے اس پتے (taemeernews@gmail.com) پر ایمیل کیجیے۔ انشائیہ بھیجنے کی آخری تاریخ: 30/اپریل 2022ء ہے۔ قلمکار کی عمر 15 سے 35 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ انشائیہ یونیکوڈ تحریر کے علاوہ ان-پیج فائل کی شکل میں بھی قبول کیا جائے گا۔ چاہے براہ راست ای-میل میں متن لگا دیا جائے یا ٹکسٹ فائل یا ایم۔ایس۔ورڈ فائل کے ذریعے ای-میل بھیجا جائے۔
انشائیہ ‘رمضان’ کے موضوع پر ہونا چاہیے۔ مذہبی یا سماجی قسم کا ‘مضمون’ ارسال کرنے سے گریز کیا جائے۔ واضح رہے کہ ‘انشائیہ’ نثری ادب کی وہ صنف ہے جو مضمون کی مانند لگتی ہے مگر مضمون سے الگ انداز رکھتی ہے۔ انشائیہ میں انشائیہ نگار آزادانہ طور پر اپنی تحریر پیش کرتا ہے، جس میں اس کی شخصیت کا پہلو نظر آتا ہے۔
انشائیہ کم از کم دو صفحات (اے-فور سائز) اور زیادہ سے زیادہ 10 صفحات پر مبنی ہو تو بہتر ہے۔ قلمکار اپنا کوئی پرانا انشائیہ بھی اشاعت کے لیے بھیج سکتا ہے اس شرط کے ساتھ کہ وہ انشائیہ کہیں بھی ‘آن لائن’ شائع نہ ہوا ہو اور نہ ہی سوشل میڈیا پر کہیں شئر کیا گیا ہو۔



