
پٹنہ؍مدھوبنی ، 25ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پٹنہ ہائی کورٹ نے اپنے عجیب و غریب احکامات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی مدھوبنی میں نچلی عدالت کے جج کے عدالتی کام پر پابندی لگا دی ہے۔ ہائی کورٹ کے ذرائع کے مطابق جاری ایک انتظامی حکم میں عدالت نے مدھوبنی ضلع کے جھنجھارپور سب ڈویژن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے طور پر تعینات اویناش کمار کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلے احکامات تک کوئی عدالتی کام نہ کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مدھوبنی ضلع کی ایک عدالت نے خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے شخص کو انوکھی سزا سنائی تھی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اویناش کمار نے عورت سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے ملزم کو گاؤں کی تمام خواتین کے کپڑے دھونے اور ان کپڑوں کی استری کرنے کا حکم دیا۔سماعت کے دوران وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم اس سال اپریل سے جیل میں ہے،وہ کپڑے دھونے کا کام کرتا ہے اور سماج کی خدمت کرنا چاہتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ شکایت کنندہ مصالحت کے لیے تیار ہے ، اور اس حوالے سے ایک حلف نامہ بھی منسلک کیا گیا ہے۔اس کے بعد عدالت نے ملزم کو ضمانت دیتے ہوئے حکم دیا کہ وہ اگلے چھ ماہ تک گاؤں کی تمام خواتین کے کپڑے دھوئے اور استری کرے۔ چھیڑ چھاڑ کیس میں ملزم کو ڈسٹرکٹ کورٹ کی طرف سے دیا گیا یہ حکم موضوع بحث تھا ۔



