قومی خبریں

انیل امبانی لون فراڈ کیس میں ای ڈی کی کارروائی تیز، بینک افسران سے بھی ہوگی پوچھ گچھ

بینک افسران کو بھی اپنی تحقیقات کے دائرے میں لے لیا

ممبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) نے ریلائنس گروپ کے چیئرمین اور ایم ڈی انیل امبانی کو 17 ہزار کروڑ روپے کے مبینہ لون فراڈ معاملے میں طلب کرنے کے بعد اب بینک افسران کو بھی اپنی تحقیقات کے دائرے میں لے لیا ہے۔

NDTV Profit کی رپورٹ کے مطابق، ای ڈی نے 12 سے 13 بینکوں کو خط بھیجا ہے جس میں ریلائنس ہاؤسنگ فنانس، ریلائنس کمیونیکیشنز اور ریلائنس کمرشل فنانس کو دیے گئے قرض، اس کی منظوری کے طریقے، ڈیفالٹ کی تاریخ اور وصولی کی کوششوں کی مکمل تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ ان بینکوں میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI)، ICICI بینک، HDFC بینک، ایکسس بینک، یوکو بینک اور پنجاب اینڈ سندھ بینک کے شامل ہونے کا امکان ہے۔

ای ڈی نے انیل امبانی کو 5 اگست کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ اس سے قبل ای ڈی نے ممبئی میں ریلائنس گروپ سے منسلک 35 مقامات پر چھاپے مارے تھے، جس میں تقریباً 50 کمپنیاں اور 25 افراد کی تفتیش ہوئی تھی۔

جعلی بینک گارنٹی کا انکشاف تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ریلائنس گروپ کی کمپنیوں اور سولر انرجی کارپوریشن آف انڈیا (SECI) کے درمیان جاری کی گئی 68.2 کروڑ روپے کی جعلی بینک گارنٹی کا گہرا تعلق ہے۔ یہ گارنٹی مبینہ طور پر ریلائنس ADAG گروپ سے وابستہ میسرز ریلائنس این یو بیس لمیٹڈ اور میسرز مہاراشٹرا انرجی جنریشن لمیٹڈ کے نام پر جاری کی گئی تھی۔

تحقیقات میں یہ بھی پتہ چلا کہ ریلائنس گروپ نے SECI کو بھیجے گئے ای میلز میں اصلی SBI ڈومین (sbi.co.in) کی جگہ ایک جعلی ڈومین (s-bi.co.in) کا استعمال کیا تاکہ جعلی گارنٹی کو اصلی ظاہر کیا جا سکے۔ ای ڈی نے اس جعلی ڈومین کے ذریعہ کی گئی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی مکمل جانچ کے لیے نیشنل انٹرنیٹ ایکسچینج آف انڈیا (NIXI) سے ڈومین رجسٹریشن کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button