
و سیم رضوی عرف جتیندر تیاگی کیخلاف ایک اور مقدمہ درج تیاگی عرف رضوی پر خاتون نے لگائے انتہائی سنگین الزامات
لکھنؤ ، 6فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اسلام سے مرتد ہوکر ہندومذہب اختیار کرنے والے متنازعہ شخصیت کے مالک وسیم رضوی عرف جتیندر تیاگی کی مشکلات میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے ۔ہریدوار کی دھرم سنسد میں مسلمانوں کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر جیل میں بند رضوی کیخلاف ایک خاتون نے یہاں سعادت گنج کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا ہے۔
لڑکی کا الزام ہے کہ وسیم رضوی عرف تیاگی کے بہکاوے میں آکر اس کے والد نے اس نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی ہے، متاثرہ نے الزام لگایا کہ وسیم اور اُس کے والد کی آڈیو وائرل ہو رہی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ والد نے وسیم رضوی کے کہنے پر ہی اس کا جنسی استحصال کیا۔
وسیم رضوی کے علاوہ خاتون نے اس معاملہ میں چھ دیگر لوگوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرایا ہے۔سعادت گنج کوتوالی میں درج ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اسے، اس کی ماں اور بھائی کو 2015 میں اس کے والد کی حرکتوں کے خلاف احتجاج کرنے پر گھر سے نکال دیا گیا تھا۔
جب وہ دوسری جگہ کرائے پر رہنے لگے تو والد وہاں بھی آکر اسے ہراساں کرنے لگا ، اور متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔خاتون کا الزام ہے کہ اس کے والد نے یہ سب وسیم رضوی کے کہنے پر ہی کیا تھا۔ اب وسیم رضوی نے سازش کے تحت اس کی چھوٹی بہن کا بھی غلط استعمال کیا۔ خاتون کے مطابق وسیم کے کہنے پر والد نے اس کی تصویر بنائی، پھر اسے ایڈٹ کرکے مذہبی رہنما ؤں کے ساتھ فحش انداز میں دکھایا اور سوشل میڈیا پر وائرل کرادیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے ایک مذہبی رہنما پر جھوٹے نازیبا الزامات لگائے۔ وسیم اور اس کے والد کے کہنے میں آکر اس نے مذہبی رہنما پر جنسی زیادتی کا الزام لگایا تھا ،جو کہ سراسر جھوٹ تھا۔
لڑکی کے مطابق وسیم رضوی نے اب سازش کی ہے اور ان کی چھوٹی بہن کا بھی غلط استعمال کیا ہے،اس کی فحش تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔ متاثرہ نے وسیم رضوی عرف جتیندر تیاگی اور اس کے بڑے بھائی سمیت آٹھ افراد کیخلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔



