
دہلی ایمس کے سرور پر ایک مرتبہ پھر سائبر اٹیک ، بروقت کیا گیا اٹیک غیر مؤثر
قومی راجدھانی دہلی میں واقع آل انڈیا میڈیکل سائنسز (ایمس) میں منگل کو ایک مرتبہ پھر سائبر حملہ ہوا۔
نئی دہلی ،7جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) قومی راجدھانی دہلی میں واقع آل انڈیا میڈیکل سائنسز (ایمس) میں منگل کو ایک مرتبہ پھر سائبر حملہ ہوا۔ ایمس دہلی میں سائبر سیکورٹی سسٹم کے ذریعہ دو پہر دو بج کر 50 منٹ پر ایک میلویئر حملہ کا پتہ چلا۔ اس کو لے کر ایمس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ میلویئر حملہ کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا اور وقت پر خطرے کو بے اثر کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سائبر حملے کو ناکام بنانے کے دوران کچھ وقت کیلئے ای اسپتال کی خدمات متاثر رہیں۔ایمس انتظامیہ کی جانب سے سائبر حملہ کو ناکام بنا دئے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ایمس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایمس نئی دہلی میں سائبر سیکورٹی نظام نے دوپہر دو بج کر 50 منٹ پر ایک میلویئر حملہ کا پتہ لگایا۔
اس کوشش کو ناکام کردیا گیا اور تعینات سائبر سیکورٹی سسٹم کے ذریعہ خطرے کو بے اثر کردیا گیا۔ایمس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ای اسپتال خدمات پوری طرح سے محفوظ ہیں اور معمول کے مطابق کام کررہی ہیں۔ وہیں اسپتال پر سائبر حملہ کی خبر پھیلنے پر الیکٹرانک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت راجیو چندرشیکھر نے ٹویٹر پر صورتحال کو واضح کیا اور کہا کہ ایمس کے سسٹم میں کوئی سیندھ نہیں لگی ہے۔انہوں نے ٹویٹ کیا: ایمس کا ای اسپتال داخلی ایپ ہے اور انٹرنیٹ یوزرس کیلئے دستیاب نہیں ہے، کسی نے اس پورٹل میں سیندھ لگانے کی کوشش کی تھی، لیکن ایمس کے سیکورٹی نظام کی چوکسی کی وجہ سے یہ کوشش ناکام رہی۔ اسی شخص نے ممکنہ طور پر ایرر میسیج کا اسکرین شاٹ لیا اور اس کو پھیلایا ہے۔



