نئی دہلی،19؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی تیز گیند باز جھولن گوسوامی Jhulan Goswami نے نیوزی لینڈ میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ وہ ہفتہ کو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں داخل ہوتے ہی 200 ون ڈے کھیلنے والی دوسری خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔
اس میچ سے پہلے صرف ہندوستانی خواتین ٹیم کی کپتان متالی راج نے 200 سے زیادہ ون ڈے کھیلے تھے۔ وہ 229 ون ڈے میچوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔اس سے قبل جھولن نے اس ورلڈ کپ کے آخری میچ میں ون ڈے کرکٹ میں اپنی 250 وکٹیں مکمل کی تھیں۔ وہ اس نمبر تک پہنچنے والی پہلی خاتون گیندباز ہیں۔ کوئی خاتون گیند باز ان کے ریکارڈ کے قریب بھی نہیں ہے۔ اب تک دنیا کی کوئی خاتون گیندباز200 وکٹیں نہیں لے سکی ہے۔
جھولن نے اپنا بین الاقوامی آغاز 6 جنوری 2002 کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ سے کیا۔ تب سے وہ ہندوستانی خواتین ٹیم کی باقاعدہ رکن رہی ہیں۔
20 سال پر محیط اپنے بین الاقوامی کیریئر میں انہوں نے 350 سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ جہاں وہ ون ڈے میں 250 سے زیادہ وکٹیں حاصل کر چکی ہیں، وہیں ٹیسٹ میں 44 اور ٹی ٹوئنٹی میں 56 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔



