برسلز،24دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یورپی یونین نے باور کرایا ہے کہ یوکرین کے ساتھ سرحد پر روسی عسکری وجود میں اضافہ حملے کے نئے اندیشوں کو ہوا دے رہا ہے۔یونین نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین پر کسی بھی حملے کی روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
یہ موقف یورپی یونین کے خارجہ امور کے نمائندے جوزپ بوریل اور یوکرین کے وزیر خارجہ دمتری کولیبا کے درمیان ٹیلی فون پر رابطے میں سامنے آیا۔ گفتگو میں یوکرین کے گرد روسی افواج کے اکٹھا ہونے کی روشنی میں مشرقی یورپ کی سیکورٹی صورت حال زیر بحث آئی۔
اس موقع پر بوریل نے باور کرایا کہ یوکرین کی خود مختاری اور اس کی اراضی کی سلامتی کے واسطے یورپی یوین کی ٹھوس حمایت جاری رہے گی۔ادھر برطانوی خاتون وزیر خارجہ لیز ٹریس نے یوکرین اور نیٹو کے حوالے سے کرملن ہاؤس کے جارحانہ اور معاندانہ بیان کی مذمت کی۔
تاہم ساتھ ہی انہوں نے ماسکو کی جانب سے مکالمے کے اجرا کی نیت رکھنے کا خیر مقدم کیا۔ٹریس نے باور کرایا کہ یوکرین کے ساتھ سرحد پر روس کی فوجی کمک میں اضافہ ناقابل قبول امر ہے۔
یاد رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ یوکرین کے حوالے سے مغربی روس کا بحران حل کرنے کے لیے روسی تجاویز پر امریکی رد عمل مثبت ہے۔



