بین الاقوامی خبریں

جدہ میں آرامکو کے پلانٹ میں حوثیوں کے حملے کے بعدآگ لگ گئی:عرب اتحاد

ریاض، 21مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سعودی عرب کی سربراہی میں یمن میں لڑنے والے عسکری اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوب میں جیزان کے علاقے میں آئل کمپنی Aramco  ’ آرامکو‘ کی تنصیبات پر حملہ کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کا اتحاد کی طرف سے جاری بیان کے حوالے سے کہنا ہے کہ حوثی باغیوں نے الشقیق میں پانی صاف کرنے والے پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق باغیوں کی جانب سے داغے گئے چار ڈرونز کو یمن کے نزدیک تباہ کیا گیا۔ سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں آرامکو کی پیٹرولیم مصنوعات کے تقسیمی پلانٹ پر یمن سے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے حملہ کیا ہے،جس کے نتیجے میں ایک ٹینک میں ’’محدود آگ‘‘ لگ گئی۔
اس آگ پرقابو پالیا گیا اوراس حملے میں کوئی جانی نقصان ہوا ہے اور نہ کوئی شخص زخمی ہوا ہے۔عرب اتحاد نے اتوارکوایک بیان میں اس حملے کی اطلاع دی ہے اوراس بات پرزوردیا ہے کہ حوثیوں کے معاندانہ تخریبی حملے یمنی عوام کے مصائب کو ختم کرنے کے مقصد سے امن کوششوں کو مسترد کرنے کی تصدیق کرتے ہیں ۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے یمن کی بندرگاہ الحدیدہ میں دھماکاخیزمواد سے بھری کشتی کے تباہ ہونے اور بحیرہ احمر میں آزادانہ جہازرانی کو نشانہ بنانے کے لیے ایک اوریقینی حملے کو ناکام بنانے کی اطلاع دی تھی۔اتحاد کے ترجمان نے کہاکہ ہم نے دھماکاخیزمواد سے بھری 106 کشتیوں کو تباہ کردیا ہے۔ان سے بحیرہ احمر کے جنوبی علاقے میں جہازرانی کی آزادی کو خطرات لاحق تھے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہماری کوششوں سے جہازرانی کی گذرگاہوں اور عالمی تجارت کے تحفظ میں مدد ملی ہے۔قبل ازیں عرب اتحاد نے یہ بھی اعلان کیا کہ سعودی عرب کی فضائی دفاعی افواج نے حوثی ملیشیا کے یمن سے مملکت کے جنوبی شہروں جازان، خمیس مشیط، طائف، ینبع اور الظہران الجنوب کی طرف داغے گئے 9 ڈرونز کوروک کر تباہ کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button