ونڈوز کمپیوٹر کے’کی بورڈ‘میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کو بھی جگہ مل گئی
مائیکروسافٹ نے کمپیوٹر کے کی بورڈ میں ایک نئی کی(Key) متعارف کرانے کا فیصلہ کیا
نیویارک،5جنوری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) آج کل آرٹی فیشل انٹیلی جنس یعنی کہ مصنوعی ذہانت کا نام اکثر سننے میں آ رہا ہے۔ کچھ ماہرین اس سے ڈرا رہے ہیں اور کچھ یہ تسلی دیتے ہیں کہ کمپیوٹر کی مصنوعی ذہانت کے استعمال سے بہت کچھ مثبت انداز میں بدل جائے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور بہت جلد کمپیوٹر کا سوچنے والاذہین دماغ زندگی کے ہر شعبے میں انسان کی مدد کے لیے موجود ہو گا۔
مستقبل کی اس ضرورت کو دیکھتے ہوئے مائیکروسافٹ نے کمپیوٹر کے کی بورڈ میں ایک نئی کی(Key) متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔جسے دبانے سے مصنوعی ذہانت کا سافٹ وئیر جسے اے آئی چیٹ باٹ کہا جاتا ہے، فعال ہو جائے گا۔یعنی اب آپ کو انٹرنیٹ پر جا کر یہاں وہاں تاک جھانک کی ضرورت نہیں ہو گی، ادھر بٹن پر انگلی کا ہلکا سا دباؤ آیا، اور اگلے لمحے مصنوعی ذہانت کا گلزار آپ کے لیے مہک اٹھا۔مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ وہ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے اپنے نئے پرسنل کمپیوٹرز میں ایک نئی’’کی‘‘شامل کر رہا ہے جس کو پائلٹ کی کہا جائے گا۔
کوپائلٹ(Copilot) مصنوعی ذہانت کا ایک سافٹ ویئر ہے جسے گٹ ہب اوراوپن اے آئی نے تیار کیا ہے اور یہ سافٹ ویئرکلاؤڈ پر موجود ڈیٹا کے استعمال سے اپنا جواب تیار کرتا ہے۔ کلاؤڈ کمپیوٹر ڈیٹا کا ایک وسیع نظام ہے جس میں بہت زیادہ ڈیٹا موجود ہے۔ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے کمپیوٹر اور کی بورڈ صرف مائیکروسافٹ ہی نہیں تیار نہیں کرتا بلکہ دیگر کمپنیاں بھی یہ کام کر رہی ہیں۔مائیکروسافٹ کی جانب سے کوپائلٹ کی متعارف کرائے جانے کے بعد دوسری کمپنیاں بھی جنہیں تھرڈ پارٹی کمپیوٹر مینوفیکچررز کہا جاتا ہے، اپنے کی بورڈز میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس کی نئی ’کی‘ شامل کر دیں گی۔



