نئی دہلی، 8اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان ، جو ممبئی میں کروز پر ایک ڈرگ پارٹی میں گرفتار ہوئے تھے ، کی مشکلیں بڑھ گئی ہیں ۔ آریان خان کو مزید کچھ دن جیل میں گزارنے ہوں گے۔ جمعہ کو عدالت نے آریان خان ، ارباز مرچنٹ اور من من دھمیچا کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔
اے ایس جی انیل سنگھ عدالت میں این سی بی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔عدالتی کارروائی کے بعد آریان خان سمیت تمام ملزمان کو آرتھر روڈ جیل منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مرد قیدیوں کو آرتھر روڈ جیل اور خواتین قیدیوں کو بائیے کلا جیل منتقل کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ آرتھر روڈ جیل وہی جیل ہے جس میں دہشت گرد عامر اجمل قصاب کو رکھا گیا تھا۔
اس کے علاوہ ابو سالم اور اداکار سنجے دت نے بھی سزا کے دن گزارے ہیں ۔ آریان اور دیگر ملزمان کو جیل کی بیرک نمبر تین میں رکھا جائے گا، جو جیل کی پہلی منزل پر واقع ہے ۔آریان خان کی جانب سے ستیش مان شندے عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عدالت میں کہا کہ این سی بی کو آریان کے خلاف کچھ نہیں ملا ، اس نے صرف الزامات لگائے ہیں۔
ارباز مرچنٹ کے وکیل طارق سعید نے کہا کہ اس کیس میں ارباز کو کسی دوسرے شریک ملزم سے جوڑنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ طارق نے کہا کہ وہ سیشن کورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست دیں گے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ سیشن کورٹ ارباز کو ضمانت دیتی ہے یا نہیں۔



