بین ریاستی خبریں

اسد الدین اویسی نے اشتعال انگیز ،فرقہ وارانہ بیانات دیئے وزیر اعظم پر بھی نازیبا تبصرے کیے: یوپی پولیس

بارہ بنکی،10؍ ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی اور جلسہ کے منتظم کے خلاف اتر پردیش کے ضلع بارابانکی کے کوتوالی نگر تھانہ علاقے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان کے کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کے الزامات ہیں۔ #حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اویسی نے جمعرات کو بارہ بنکی میں ایک پروگرام میں شرکت کی تھی۔

انتظامیہ نے آرگنائزنگ بورڈ سے کہا تھا کہ وہ کوویڈ پروٹوکول پر عمل کریں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ جمنا پرساد نے بتایا کہ 9 ستمبر کو پولیس اسٹیشن کوتوالی کے تحت محلہ کٹرا چندانہ میں اے آئی ایم آئی ایم کے قومی صدر اسدالدین اویسی کے پروگرام میں بڑی تعداد میں ہجوم اکٹھا ہوا تھا جو کہ حکومت کی طرف سے جاری #کوویڈ 19 ہدایات کی خلاف ورزی تھی انتظامیہ کی جانب سے دی گئی اجازت کی واضح طور پر خلاف ورزی کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام کے دوران نہ تو ماسک استعمال کیا گیا اور نہ ہی سماجی فاصلے پر عمل کیا گیا۔ایس پی کے مطابق ائی ایم آئی ایم کے صدر نے اپنے بیان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کے لیے اشتعال انگیز تقاریر کی تھیں۔ انہوں نے پروگرام میں کہا کہ 100 سال پرانی مسجد کوتوالی رام سنیہی گھاٹ پر انتظامیہ نے مسمار کردیااور اس کا ملبہ بھی وہاں سے مکمل طور پر ہٹا دیا گیا۔

ایس پی نے کہا کہ اس بیان سے ایک خاص کمیونٹی کو مشتعل کرنے اور #فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی۔پولیس کے مطابق اویسی نے وزیر اعظم ، حکومت ہند اور وزیر اعلیٰ #اتر پردیش ، ریاستی حکومت کے خلاف بھی غیر مہذب اور بے بنیاد تبصرے کیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں #اویسی اور منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ #اسد الدین اویسی منگل سے اتر پردیش کے تین روزہ دورے پر تھے۔

انہوں نے 2022 کے اسمبلی انتخابات کے لیے مہم کا آغاز منگل کو ایودھیا کے روڈولی سے ایک جلسہ عام سے کیا۔ ان کا بدھ کو سلطان پور اور جمعرات کو بارہ بنکی میں ایک پروگرام تھا۔

بارہبنکی کے پروگرام پر پہلے ضلعی انتظامیہ نے پابندی عائد کی تھی لیکن بعد میں آرگنائزنگ بورڈ کی جانب سے کورونا پروٹوکول پر عمل کرنے کی یقین دہانی کے بعد پروگرام کی اجازت دی گئی۔ اویسی نے آئندہ یوپی اسمبلی انتخابات میں 100 نشستوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button