گوہاٹی، 14اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مرکزی وزارت داخلہ نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما کی سیکورٹی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اب انہیں زیڈپلس(Z+)زمرہ کی سیکورٹی دی جائے گی۔ قبل ازیں مرکز کی طرف سے وزیر اعلیٰ کو زیڈ زمرہ کی سیکورٹی دی گئی تھی۔ اب وہ ہندوستان میں جہاں بھی آئیں گے انہیں یہ سیکورٹی ملے گی۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں خفیہ ایجنسی آئی بی نے ہیمنت بسوا سرما پر خطرے کے پیش نظر وزارت داخلہ کو رپورٹ پیش کی تھی۔ اس کے بعد ان کی سیکورٹی کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ‘
واضح رہے کہ زیڈ پلس کیٹیگری میں 58 کمانڈوز تعینات ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ ماہ ہی حیدرآباد میں ہیمنت بسوا سرما کی ایک ریلی میں سیکورٹی میں ایک بڑی خامی اس وقت دیکھی گئی جب ایک کارکن اسٹیج پر ان کے قریب پہنچ گیاتھا ۔وہیں آسام میں مدرسوں کے لیے وزیر اعلیٰ کی طرف سے کی گئی حالیہ کارروائی کے بعد بھی وزارت داخلہ نے ان کی سیکورٹی کا جائزہ لیا ہے۔ ان تمام وجوہات کے پیش نظر اب انہیںزیڈ پلس زمرہ سی آر پی ایف کور فراہم کیا جائے گا۔



