سرورققومی خبریں

آسام: این آر سی مسئلہ کیلئے واحد ذمہ دار کانگریس ہے: بدرالدین اجمل

راہل نے ملک کے 50 فیصد حصے کا سفر کیا ہے

گوہاٹی ؍بارپیٹا،6جنوری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی جلد ہی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا آغاز کرنے والے ہیں۔ اس دوران آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ بدرالدین اجمل نے کانگریس پر کئی سوالات اٹھائے ہیں۔آسام کے بارپیٹا میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی بدرالدین اجمل نے کہاکہ کانگریس حکومت نے کہا تھا کہ ہم یہ کریں گے، ہم یہ دیں گے، وغیرہ۔ حراستی کیمپ کس نے بنایا؟ ڈی ووٹر کا مسئلہ کس نے اٹھایا؟ این آر سی کا مسئلہ کس نے پیدا کیا؟ انہوں نے کہا کہ یہ سب ترون گوگوئی کی قیادت والی کانگریس حکومت نے کیا ہے۔ اس سے پہلے، پرفل مہانتا کی قیادت والی حکومت نے ایک لاکھ ڈی ووٹر بنائے، لیکن ترون گوگوئی کی قیادت والی کانگریس حکومت نے ایک سال کے اندر اندر پانچ لاکھ ڈی ووٹر بنائے۔

مولانا اجمل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راہل نے ملک کے 50 فیصد حصے کا سفر کیا ہے۔ یہ اچھا ہے،لیکن کیا انہوں نے انتخابات میں جو نتائج حاصل کیے وہ متوقع نتائج تھے؟ دراصل راہل گاندھی 14 جنوری سے منی پور سے بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کرنے جا رہے ہیں۔بدرالدین اجمل سے جب دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کو ای ڈی کے نوٹس کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، کہ مودی جی کے پاس دباؤ ڈالنے کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے، اس لیے وہ کجریوال اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین پر دباؤ ڈال رہے ہیں، انہیں جیل میں ڈالیں گے۔. اجمل نے کہاکہ یہ انڈیا اتحاد کے لیے خطرہ ہے۔ اگر آپ لوگ خاموش نہیں بیٹھیں گے تو ایک ایک کرکے سب کو ای ڈی کے حوالے کر دیں گے۔ وہ (مرکز) زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ڈرانے کی کوشش کریں گے۔خیال رہے کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی 14 جنوری سے امپھال، منی پور سے بھارت نیا یاترا شروع کرنے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button