آسام:2 بچوں پر پالیسی ہی مسلمانوں کی غربت اور ناخواندگی مٹانے کاواحد راستہ : وزیر اعلی
گوہاٹی، 29 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آسام کے وزیر اعلی ہمنت بسوا سرما نے کہا کہ مسلم اقلیتوں میں غربت اور ناخواندگی کے خاتمے کا دو بچوں پر پالیسی ہی واحد راستہ ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ یہ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ ان کی طرف سے کوئی مخالفت ہوگی۔
وزیر اعلی نے مزید کہاکہ آسام اقلیتی اسٹوڈنٹس یونین نے گذشتہ ماہ میٹنگ کی تھی اور اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ آسام میں مسلمانوں کو آبادی پر قابو پانے کے اقدامات کی ضرورت ہے، میں جولائی میں مسلم دانشوران سے ملاقات کر رہا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ ریاستی حکومت کی پالیسی کی حمایت کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ آسام کے وزیر اعلی پہلے ہی یہ واضح کر چکے ہیں کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی آبادی میں اضافے کو کم کرنے کے لئے خصوصی پالیسی اقدامات کرے گی، جس کا مقصد غربت اور ناخواندگی کا خاتمہ ہے۔



