نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک میں میکورامائکوسس (بلیک فنگس) کے معاملات میں اضافے اور ضروری ادویات کی مبینہ کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے ہفتے کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے اس بیماری کے مریضوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعظم مودی کو لکھے گئے خط میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ مرکز نے ریاستوں سے بلیک فنگس کو ایک وبا قرار دینے کو کہاہے۔
سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ وبا کا اعلان کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اس کے علاج اور مریضوں کی مفت دیکھ بھال کے لیے درکار دوا کی مناسب پیداوار اور فراہمی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔کانگریس کی صدر نے زور دے کر کہاہے کہ امفوٹیرسین بی اس بیماری کے علاج کے لیے ضروری دواہے۔تاہم ایسی اطلاعات ہیں کہ مارکیٹ میں اس دوا کی شدید قلت ہے۔ نیز یہ بیماری آیوشمان بھارت اور دیگر بہت ساری انشورنس کے تحت نہیں آتی ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم پر زور دیاہے کہ میکورامائکوسس سے متاثرمریضوں کی بڑی تعداد کو امداد فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔دریں اثنا مرکزی وزارت صحت نے کہاہے کہ پانچ مزید کمپنیوں کوامفوٹیرسین بی تیارکرنے کالائسنس ملا ہے ، جو ایک ایسی دوا ہے جس کومیکورامائیوسس کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے ، جوبلیک فنگس کی وجہ سے پیداہونے والی بیماری ہے۔ جولائی سے1,11,000 شیشیوں کی پیداوار شروع کریںگی۔



