نائیجیریا : مسجد پر مسلح افراد نے حملہ کر کے کم از کم 18 نمازیوں کو جاں بحق کر دیا
لندن، 26اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نائیجیریا Nigeria کے شمالی علاقے میں ایک مسجد پر صبح سویرے نماز کے دوران مسلح افراد نے حملہ کر کے کم از کم 18 نمازیوں کو جاں بحق کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ ملک کی ریاست نائیجر کے علاقے ماشیگو کے گاؤں مزکوکا میں ہوا۔حملہ آورجن کا تعلق خانہ بدوش چرواہے فولانی خاندان سے بتایا جارہا ہے، فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واضح رہے کہ اسی طرح کا نسلی تشدد، جس کی وجہ سے رواں سال اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، پانی اور زمین تک رسائی پر کئی دہائیوں سے جاری تنازع کا نتیجہ ہے۔اس تنازع میں فولانی خاندان کے چند افراد نے ہاؤسا کاشتکاری برادریوں کے خلاف ہتھیار اٹھا لیے ہیں۔
ماشیگو کے بلدیاتی حکومت کے چیئرمین الحسان عیسیٰ نے اے پی کو بتایا کہ ’مسلح افراد نے مسجد کو گھیر کر اس پر فائرنگ شروع کردی۔انہوں نے کہا کہ واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔نائیجر کے پولیس کمشنر نے مونڈے کوریاس نے کہا کہ حملہ گاؤں والوں اور فولانی چرواہوں کے درمیان تنازع سے متعلق تھا۔
تازہ ترین حملہ نائجیریا کے شمال مغربی اور وسطی علاقوں کی ریاستوں میں سیکورٹی کی مخدوش صورتحال کی ایک اور مثال ہے بالخصوص شمال مغرب میں خونریزی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔زیادہ تر متاثرہ کمیونٹیز ایسے علاقوں میں ہیں جہاں پہنچنا مشکل ہے جیسا کہ تازہ ترین مازاکوکا جو ریاستی دارالحکومت سے تقریباً 270 کلومیٹر دور ہے۔
بندوق برداروں کی تعداد اکثر ان کمیونٹیز میں سکیورٹی ورکرز سے زیادہ ہوتی ہے اور پولیس کی ناکافی موجودگی اور ناقص اسلحہ سے لیس سکیورٹی اہلکاروں کی وجہ سے اکثر ایسے حملے گھنٹوں تک جاری رہتے ہیں ۔



