پیرس،15فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)فرانس اور اسپین کی سرحد کے پہاڑی سلسلے پائرینیز کے علاقے سینٹ لورنٹ ڈی لا سیلنکی میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سینٹ لورنٹ ڈی لا سیلنکی میں ایک دکان میں زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی گئی جس کے بعد عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔
دھماکہ گراؤنڈ فلور میں ہوا، جہاں کریانے اور سینڈویچ کی دکان تھی۔ حادثے کے وقت اندر موجود ایک شخص نے پہلی منزل کی کھڑکی سے باہر کود کر اپنی جان بچائی۔ ریسکیو ٹیمیں عمارت سے 20 افراد کو بچانے میں کامیاب ہوچکی ہیں تاہم عمارت کے منہدم ہونے کا خطرہ ابھی بھی باقی ہے۔
دھماکے اور آتشزدگی کے نتیجے میں اب تک 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں ایک بچہ اور نومولود بھی شامل ہیں۔فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ ڈارمینن Gerald Darmanin نے ٹویٹ کے ذریعے متأثرین سے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فرانس کے شہر مونٹپیلیے کا اپنا دورہ منسوخ کررہے ہیں اور جلد جائے حادثہ پر پہنچیں گے۔



