
ملبورن: (اردودنیا.اِن)ناقص کارکردگی کی وجہ سے آسٹریلیا کے محدود اوورز کے کپتان ایرون فنچ نشانے پر ہیں۔ فنچ گذشتہ کئی ٹی ٹوئنٹی میچوں سے کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے اور اسی وجہ سے انہیں کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔ لیکن آسٹریلیا کے سلیکٹر جارج بیلی نے فنچ کی حمایت کی ہے۔ بیلی نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی فنچ بڑی اننگز کھیلیں گے ۔
اس کے ساتھ ہی بیلی کا کہنا ہے کہ فنچ 2021 میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے کپتان ہوںگے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جارہی ٹی 20 سیریز میں فنچ کی ناقص فارم جاری ہے۔ فنچ نے اب تک کھیلے گئے دونوں میچوں میں 1 اور 12 رنز بنائے ہیں۔
بیلی نے تاہم یہ واضح کردیا ہے کہ فنچ اکتوبر میں ہندوستان میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے کپتان ہوں گے ۔ بیلی نے کہا کہ فنچ کی اوسط بہت اچھی ہے۔ وہ ہمارے کپتان ہیں اور مزید ٹیم کی قیادت کرتے رہیں گے۔ فنچ کی صلاحیت پر سوال نہیں کی جاسکتا ۔ وہ جلد ہی ایک بڑی اننگز کھیلیں گے۔
فنچ نے حال ہی میں ختم ہونے والی بگ بیش لیگ میں بھی صرف 13.8 کی اوسط سے رن بنایا ۔ لیکن سلیکٹرز کو فنچ کے پرانے ریکارڈ پر اعتماد ہے۔ سلیکٹرز کا خیال ہے کہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیائی ٹیم کے لئے فنچ سب سے اہم کھلاڑی ثابت ہوں گے۔



