بین الاقوامی خبریں

آسٹریلیا : پُراسرار مشروم کھانے سے تین ہلاک، کھلانے والی خاتون گرفتار

آسٹریلوی پولیس نے پراسرار مشروم کھانے سے تین افراد کی ہلاکت کے بعد ایک خاتون کو گرفتار کیا

سڈنی ، 3نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) آسٹریلوی پولیس نے پراسرار مشروم کھانے سے تین افراد کی ہلاکت کے بعد ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 49 سالہ ایرین پیٹرسن erin patterson کی گرفتاری مشرومز کے اس پرسرار معاملے کا نیا موڑ ہے جس نے پورے ملک کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے اور ملبورن سے 110 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبے لیونگاتھا میں پیش آنے والا واقعہ کچھ مزید کھل کر سامنے آیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایرین پیٹروسن کو صبح کے وقت مشروم سینٹر سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے گھر کی تلاش سراغ رساں کتوں کی مدد سے کی جا رہی ہے، یہ کتے یو ایس بی اور دیگر الیکٹرانک اشیا کو سونگھ کر کھوج لگانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔تحقیقات کرنے والے سکواڈ کا کہنا ہے کہ تلاشی کا کام مکمل ہونے کے بعد خاتون سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی۔ٹیم کے سربراہ ڈین تھامس کا کہنا ہے کہ آج ہونے والی گرفتاری ایک پیچیدہ معاملے کے حل کی طرف اگلا قدم ہے اور یہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔

تھامس نے معلومات دینے کے بعد صحافیوں کی جانب سے سوالات سننے سے گریز کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ہم ذہن میں یہ بات رکھیں کہ تین افراد نے اپنی زندگیاں کھوئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی غلط کام کرنے سے انکار کرنے والی خاتون پر ابھی تک کسی قسم کے چارجز نہیں لگائے گئے ہیں۔خاتون نے 29 جولائی کو مشرومز اپنے سسر ڈان، گیل پیٹرسن، مقامی پادری ایان ولکنسن اور ان کی اہلیہ ہیدر کو کھانے کی ڈش کے طور پر پیش کی تھیں۔بعدازاں رات کو میاں بیوی پر زہر کے اثرات ظاہر ہونے پر ہسپتال پہنچایا گیا تھا، صرف ایک ہفتے کے اندر نہ صرف جوڑا بلکہ وہ کھانا کھانے والی پادری کی بیوی بھی دم توڑ گئیں۔

مشرومز سے بنا کھانا کھانے کے بعد اس وقت صرف 69 سالہ ولکنسن زندہ ہیں تاہم ان کو دو ماہ تک اسپتال میں رہنا پڑا اور اب بھی پوری طرح صحت یاب نہیں ہوئے۔وہ اکتوبر کے آغاز کے دنوں میں اپنی اہلیہ کی یاد میں ہونے والی تقریبات میں باہر نکلے تھے اور ان کے بارے میں ایک مقامی اخبار نے لکھا تھا کہ وہ بہت کمزور لگ رہے تھے اور لاٹھی کے سہارے چل رہے تھے۔گرفتاری سے قبل بھی پیٹرسن مسلسل یہی کہتی رہیں کہ انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ اگست میں ان کا کہنا تھا کہ وہ مشرومز ایک اسٹور سے لائی تھیں اور ان کا زہریلا ہو جانا محض حادثہ تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button