فلمی دنیا

"ہم دوست نہیں… مگر شاید کسی دن بن جائیں!” — اونتیکا ملک کا عمران خان سے رشتہ پر جذباتی انکشاف

عمران خان اور اونتیکا ملک بچپن کے دوست تھے

ممبئی،۴؍جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بالی ووڈ اداکار عمران خان کی سابقہ اہلیہ اونتیکا ملک کا کہنا ہے کہ وہ اور عمران خان دوست نہیں ہیں، شاید کسی دن بن جائیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی بیٹی عمارہ کو دونوں والدین تک رسائی حاصل ہو۔ نین دیپ رکشت کو دیے گئے یوٹیوب انٹرویو میں اونتیکا ملک نے کھل کر بتایا کہ کس طرح انہوں نے اور عمران خان نے اس بات کو یقینی بنایا کہ عمارہ طلاق کے تلخ پہلوؤں سے متاثر نہ ہو۔

اونتیکا ملک نے کہا کہ طلاق کے بعد دونوں کے درمیان خوشگوار تعلقات ضرور ہیں، لیکن حقیقت میں وہ دوست نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کس طرح چاہتی ہیں کہ ان کی بیٹی کو دونوں والدین تک رسائی حاصل رہے۔ اونتیکا نے کہا کہ ان کے خیال میں اصل علیحدگی تب ہوتی ہے جب ہم یہ قبول کر لیں کہ ساتھ رہنے کی پوری کوشش کے باوجود ہم خوش نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں بہت پریشانی ہوئی اور وقت لگا سمجھنے میں، اور اگر الگ رہنے کا مطلب زیادہ خوشی لانا ہے تو یہ ٹھیک ہے کہ اپنے آپ کو منتخب کیا جائے۔ وہ زیادہ بات نہیں کرتے مگر تعلقات خوشگوار ہیں۔ دوست ایک مضبوط لفظ ہے، جو وہ نہیں ہیں، شاید کسی دن بن جائیں۔

اونتیکا ملک نے کہا کہ عمران خان اور وہ ہمیشہ جانتے تھے کہ جب بات بیٹی عمارہ کی آتی ہے تو وہ اپنی بہترین کوشش کریں گے۔ وہ متفق ہیں کہ عمارہ کو دونوں والدین تک رسائی حاصل ہو اور وہ دونوں کے ساتھ برابر وقت گزارے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمارہ جانتی ہے کہ اس نے کسی کو نہیں کھویا، سب اب بھی اس کے والدین ہیں۔ دونوں نے اس بات کا خیال رکھا کہ عمارہ کو طلاق یا وکلاء کے مسائل کا علم نہ ہو تاکہ وہ متاثر نہ ہو۔ وہ جانتی ہے کہ اسے پیار کیا جاتا ہے اور اس کی حفاظت کی جاتی ہے، اور وہ کسی کو کھو نہیں رہی۔ عمارہ کو کسی قسم کی ذمے داری یا شرمندگی محسوس نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ عمران خان اور اونتیکا ملک بچپن کے دوست تھے جنہوں نے 2011 میں شادی کی تھی۔ ان کی بیٹی عمارہ ملک خان 9 جون 2014 کو پیدا ہوئیں۔ 2019 میں دونوں کی راہیں جدا ہو گئیں۔ اطلاعات کے مطابق عمران خان اب لیکھا واشنگٹن کے ساتھ تعلق میں ہیں۔

عمران خان اداکاری میں ایک دہائی کے بعد واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ بھومی پیڈنیکر کے ساتھ ایک رومانٹک کامیڈی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button