اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم 17 ماہ بعد ہردوئی جیل سے باہر آئے، عدالت سے ملی ضمانت
عبداللہ اعظم خان 17 ماہ بعد ہردوئی جیل سے رہا
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اعظم خان کے بیٹے اور سابق ایم ایل اے عبداللہ اعظم خان کو آج ضلع جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ عبداللہ کو فرضی برتھ سرٹیفکیٹ کیس میں 22 اکتوبر 2023 کو رام پور جیل سے ہردوئی جیل منتقل کیا گیا تھا۔ وہ 16 ماہ سے زیادہ عرصے سے ہردوئی جیل میں بند ہے۔ عبداللہ کو تمام مقدمات میں ضمانت مل جانے کے بعد، رہائی کا حکم ڈسٹرکٹ جیل ہردوئی پہنچنے کے بعد آج ہردوئی ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کر دیا گیا۔
عدالت نے ان کے خلاف نئی دفعات شامل کرنے کی رام پور پولیس کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ اب ان کی رہائی میں کوئی قانونی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔گزشتہ روز عدالت نے عبداللہ اعظم کے تمام 42 مقدمات میں رہائی کے وارنٹ ہردوئی جیل بھیجے اور آج عبداللہ اعظم کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔
پیر کو ایم پی ایم ایل اے مجسٹریٹ ٹرائل کورٹ سے ان کی رہائی کے وارنٹ ہردوئی جیل بھیجے گئے اور آج جب ان کی رہائی کی خبر آئی تو ضلع جیل کے گیٹ کے باہر حامیوں کی بھیڑ جمع ہونا شروع ہوگئی۔ جس میں ایس پی لیڈر بھی شامل تھے۔جیل سے باہر آنے سے پہلے ایس پی کے حامی بڑی تعداد میں وہاں پہنچ چکے تھے۔ اس کے علاوہ پارٹی کے کئی ممبران پارلیمنٹ بھی وہاں موجود تھے۔ حامیوں نے عبداللہ اعظم کی حمایت میں نعرے لگائے۔
برتھ سرٹیفکیٹ کے دو کیس میں 18 اکتوبر 2023 کو عدالت نے ایس پی لیڈر اعظم خان، ان کی اہلیہ سابق ایم پی ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور بیٹے سابق ایم ایل اے عبداللہ کو سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس معاملے میں اعظم خان سیتا پور جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں، جب کہ عبداللہ ہردوئی جیل میں بند ہیں۔ ڈاکٹر تزئین فاطمہ رام پور جیل میں بند تھیں جو سات ماہ 11 دن بعد ضمانت پر باہر آئیں۔ اعظم خان ابھی تک جیل میں ہیں۔



