نئی دہلی ،14ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سماج وادی پارٹی کے قدآور لیڈر اور رام پور کے ایم ایل اے اعظم خان کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ وہ دہلی کے گنگا رام اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اعظم خان کے دل کے ڈاکٹروں نے انجیو پلاسٹی کی سرجری کی جس کے بعد ان کے دل میں اسٹنٹ ڈالا گیا۔بتادیں کہ اعظم خان کو سر گنگا رام اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ اس سے پہلے اسے سانس لینے میں تکلیف ہوئی اور پسینہ آنے لگا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں ان کا چیک اپ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اعظم خان کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ ڈاکٹروں کے چیک اپ میں پتہ چلا ہے کہ اعظم خان کی نس میں بلاکیج ہے۔
جس کی وجہ سے سر گنگا رام اسپتال کے ڈاکٹروں نے انجیو پلاسٹی کی سرجری کی اور دل میں اسٹنٹ ڈالا ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق اعظم خان کی صحت ٹھیک ہے اور وہ آئی سی یو وارڈ میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ انہیں ایک یا دو دن بعد اسپتال سے چھٹی مل سکتی ہے۔وہیں ان کے بیٹے اور ایس پی ایم ایل اے عبداللہ اعظم بھی ان کے ساتھ اسپتال میں موجود ہیں۔ خیال رہے کہ اعظم خان 27 ماہ سیتا پور جیل میں رہنے کے بعد ضمانت پر باہر آئے ہیں۔ چند روز قبل ان کی آنکھ کا آپریشن بھی ہوا تھا۔ حال ہی میں اعظم خان کو سینے میں درد کی وجہ سے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔



