لکھنؤ 26جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) یوپی کی سیتا پور جیل میں بند سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اعظم خان کو عدالت سے بڑی راحت ملی ہے۔ رام پور کی عدالت نے انہیں جیل سے ہی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے یہ حکم جیل سپرنٹنڈنٹ سیتا پور کو دیا ہے۔
عدالت نے کہا ہے کہ اس کے تجویز کنندہ کوجیل جانے کی اجازت دی جائے، تاکہ وہ حلف نامہ بھیج سکیں۔اعظم خان فی الحال رام پور سے لوک سبھاکے رکن ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے انہیں رام پور شہر سے میدان میں اتارا ہے۔ اعظم خان نے اپنے وکیل کے ذریعے نامزدگی کی اجازت کے لیے عدالت سے اپیل کی تھی۔
رامپور میں 28 جنوری تک نامزدگیوں کاعمل ہوناہے۔ دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔اگلے مرحلے میں یوپی کی 55 سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے۔ ان میں اعظم خان کی رام پور سیٹ بھی شامل ہے۔ رام پور کے علاوہ دوسرے مرحلے میں سہارنپور، بجنور، امروہہ، سنبھل، مرادآباد، بریلی، بدایوں اور شاہجہاں پورمیں انتخابات ہونے ہیں۔ یہاں پر نامزدگی کی آخری تاریخ 28 جنوری ہے۔



