
نیویارک :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکی ریاست ٹینیسی میں کورونا ویکسین کے بارے میں مہم چلانے والی ایک دکان کو لینے کے دینے پڑ گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹینیسی کے شہر نیشولے میں ایک ہَیٹ شاپ یا ٹوپیوں کی دکان نے زرد ستارے والے نشان کی شرٹ متعارف کراتے ہوئے لکھا کہ ’ویکسین نہیں لگوائی‘۔
اس نشان کو اس علامت جیسا قرار دیا گیا، جو نازی جرمنی میں یہودیوں کے لیے پہننا لازمی تھا۔ ویکسین کے بارے میں ثقافتی جنگ کے حوالے سے یہ امریکہ میں تازہ ترین واقعہ ہے جہاں دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ہوئیں۔ہَیٹ بنانے والی امریکہ کی بڑی کمپنی سٹیٹسن نے سنیچر کو اعلان کیا ہے کہ وہ نیشولے کی دکان ’ہیٹ ڈبلیو آر کے ایس‘ کے ساتھ مزید کاروبار نہیں کرے گی۔ جمعے کو دکان کی جانب سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں کاروبار کی مالک خاتون نے سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر زرد رنگ میں ستارہ داؤد بنا ہوا تھا۔
اس کے ساتھ پیغام درج تھا کہ ’ویکسین نہیں لگوائی‘۔ اس تصویر پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور احتجاج کے بعد ’ہیٹ ڈبلیو آر کے ایس‘ نے تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کر دی۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ آپ کے نازی اسٹار بیجز انتہائی مشتعل کرنے والے ہیں اور یہ میری زندگی میں دیکھے گئے سب سے زیادہ اینٹی سیمیٹک ہیں۔
فیس بک اور انسٹاگرام پر صارفین نے دکان کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے ’نفرت کا کام‘ ہیش ٹیگ استعمال کیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق چند درجن افراد نے نیشولے میں دکان کے باہر احتجاج بھی کیا جنہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے بینرز پر ’نیشولے میں نازی نامنظور‘ کے نعرے درج کر رکھے تھے۔



