بین ریاستی خبریںسرورق

نروان میلہ : باغپت میں 65 فٹ اونچا اسٹیج منہدم، 7 افرد کی موت

کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے

باغپت،28جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اترپردیش کے ضلع باغپت میں جین برادری کے ‘نروان میلے’ کے دوران 65 فٹ اونچا اسٹیج گرگیا۔ اس حادثے میں کم سے کم سات عقیدت مندوں کی موت ہو گئی جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔باغپت کے بڑوت میں گاندھی روڈ پر واقع شری دگمبر جین ڈگری کالج کے گراؤنڈ میں منگل کو آدیناتھ کے نروان لڈو فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا تھا۔ یہاں تقریباً 65 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا تھا۔

اس پر مورتی نصب کی گئی تھی۔ پروگرام کے دوران لوگ سیڑھیوں سے گزر کر مورتی کو پرساد چڑھانے جا رہے تھے۔ اس دوران عارضی اسٹیج کی لکڑی کی سیڑھیاں ٹوٹ گئیں۔سیڑھیاں ٹوٹنے کے بعد عقیدت مند ایک دوسرے کے اوپر گرنے لگے۔ اس دوران بڑا المناک منظر دیکھنے کو ملا۔ سب زمین پر بکھرے پڑے تھے اور درد سے کراہ رہے تھے۔

حادثے میں اب تک سات اموات کی تصدیق کی جا چکی ہے جب کہ 50 سے زائد لوگ زخمی ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقعے پر پہنچ گئی، بڑوت کوتوالی انسپکٹر بھی پہنچے۔زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال بھیج دیا گیا۔اس دوران پولیس اہلکاروں نے بھیڑ کو کنٹرول کیا۔ حادثے میں مرنے والے پانچ افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان میں باغپت کے امت، اوشا، ترسپال، ونیت اور کملیش شامل ہیں۔ دو مہلوکین کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ میلہ شہر میں 25 سال سے منعقد ہو رہا ہے۔

پولیس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ میلے کے دوران تقریباً 500 لوگوں کا ہجوم تھا۔ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ کے اہلکاروں کو ہسپتال پہنچنے اور زخمیوں کو مناسب علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے پرارتھنا کی۔ دریں اثناء وزیر مملکت برائے جنگلات و ماحولیات کے پی ملک بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور حادثے کے بارے میں جانکاری لی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button