بین ریاستی خبریںسرورق

آندھر پردیش کے سابق وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو کو ضمانت

چندرا بابو نائیڈو کو 24 نومبر تک ضمانت دی گئی ہے

حیدرآباد ،31اکتوبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے اسکل ڈیولپمنٹ کیس میں آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلی اور ٹی ڈی پی سربراہ این چندرا بابو نائیڈو کو چار ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت دے دی۔ہائی کورٹ کے وکیل سناکارا کرشنامورتی نے یہ جانکاری دی۔ بتایا جاتا ہے کہ نائیڈو کی طرف سے پیش ہونے والے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موتیا بند کا آپریشن ہونا ہے۔ اس کے بعد آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ کو صحت کی بنیاد پر ضمانت دے دی۔ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق چندرا بابو نائیڈو کو 24 نومبر تک ضمانت دی گئی ہے۔ انہیں 24 نومبر کو سرینڈر کرنے کو کہا گیا ہے۔ عدالت ان کی اہم ضمانت کی درخواست پر 10 نومبر کو سماعت کرے گی۔ عدالت نے انہیں ہسپتال جانے کے علاوہ کسی اور پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

انہیں خاص طور پر میڈیا اور سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کو کہا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ چندرا بابو نائیڈو کو 9 ستمبر کو 371 کروڑ روپے کے اسکل ڈیولپمنٹ گھوٹالے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ریاستی فوجداری تحقیقاتی محکمہ (سی آئی ڈی) نے اسے 9 ستمبر کو صبح 6 بجے کے قریب اس وقت گرفتار کیا جب وہ گنانا پورم میں سو رہے تھے۔سی آئی ڈی کا دعویٰ ہے کہ نائیڈو کی قیادت میں شیل کمپنیوں کے ذریعہ سرکاری رقم کو نجی اداروں کو منتقل کرنے کی سازش رچی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن بیورو نے سال 2018 میں اس گھوٹالے کی شکایت کی تھی۔ موجودہ حکومت کی تحقیقات سے پہلے جی ایس ٹی انٹیلی جنس ونگ اور محکمہ انکم ٹیکس بھی اس گھوٹالے کی جانچ کر رہے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button