مستونگ: عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں دھماکہ،52 جاں بحق،سو سے زائد زخمی
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پیغمبر اسلام ؐکے یومِ ولادت کے سلسلے میں نکالی جانے والی ایک ریلی میں دھماکے
بلوچستان :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پیغمبر اسلام ؐکے یومِ ولادت کے سلسلے میں نکالی جانے والی ایک ریلی میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 52 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔انسپکٹر جنرل بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ کے مطابق خود کش بمبار کو روکنے کے دوران دھماکہ ہوا جس میں ایک پولیس افسر ہلاک اور تین زخمی بھی ہوئے ہیں۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو کے مطابق دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کے مطابق مستونگ دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں کو مستونگ روانہ کر دیا گیا ہے جب کہ کوئٹہ کے اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دھماکے میں شدید زخمی ہونے والوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
دھماکے پر بلوچستان میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔وفاقی وزارتِ داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے مستونگ میں مدینہ مسجد کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وہیں ہنگو پولیس کے مطابق دوآبہ پولیس اسٹیشن سے ملحقہ مسجد کے لان میں دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کر دی۔پولیس کی فائرنگ سے ایک شدت پسند موقع پر ہلاک ہو گیا جب کہ دوسرے نے بھاگ کر مسجد کے اندر اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔پولیس کے مطابق مسجد کی چھت گر گئی ہے اور تاحال 11 زخمی نمازیوں کو باہر نکال لیا گیا ہے۔



