ریاض ،28؍اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ غیرملکی کارکنان پر انحصار کرنے والی 4 ہزار فیکٹریوں کو ڈیجیٹل انڈسٹری میں تبدیل کیا جائے گا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف Bandar Alkhorayef کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کارکنان پر غیر معمولی انحصار کرنے والی 4 ہزار فیکٹریوں کو ڈیجیٹل انڈسٹری میں تبدیل کیا جائے گا۔
اس اقدام سے مقامی شہریوں کے لیے بھی مختلف نوعیت کی نوکریاں کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ کمپنیوں میں افرادی قوت کے بجائے مشینی وسائل پر انحصار بڑھانے کا ارادہ ہے۔بندر الخریف نے کہا کہ سعودی عرب میں آج کل صنعت اور کانکنی کے شعبوں میں روزگار کے مواقع ماضی کے مقابلے میں زیادہ ہیں، دونوں شعبے مقامی شہریوں کے لیے مناسب مواقع مہیا کررہے ہیں۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ روزگار کے متلاشی مقامی نوجوانوں کو صنعت اور کانکنی کے شعبوں میں موجود ملازمتوں کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دوا ساز فیکٹریوں سمیت دیگر اداروں سے متعلق اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔



