رشوت لینے کے ملزم سب انسپکٹر کو پکڑنے کے لیے 1 کلومیٹر تک دوڑتی رہی اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم
بنگلور ،05؍ نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کرناٹک کے تمکور شہر کی سڑکوں پر ایک حیرت انگیز واقعہ دیکھنے کو ملا۔ یہاں دو پولیس افسران ایک سب انسپکٹر کو پکڑنے کے لیے سڑک پر بھاگتے ہوئے نظرآئے ۔ دراصل سب انسپکٹر پر رشوت مانگنے کا الزام ہے۔ ملزم سب انسپکٹر سوم شیکھرکوتقریباً ایک کلومیٹر تک پیچھا کرنے کے بعد عام لوگوں کی مدد سے پکڑا گیا۔ یہ واقعہ بدھ کا بتایا جا رہا ہے۔
تمکور سے تقریباً 30 کلومیٹر دور گبین تعلقہ کے سوم شیکھر چندر شیکھر پورہ پولیس اسٹیشن میں تعینات ملزم سب انسپکٹر کے ساتھ کانسٹیبل نیاز احمد کو گرفتار کرکے 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔حال ہی میں چندر شیکھر پورہ پولیس اسٹیشن میں خاندانی معاملے کا کیس درج کیا گیا تھا جس کے بعد وہاں کی پولیس نے چندرنا نامی شخص کی گاڑی کو ضبط کرلیا تھا۔
سوم شیکھر نے مبینہ طور پر کانسٹیبل نیاز احمد کو اس شخص کی گاڑی چھوڑنے کے لیے 28,000 روپئے رشوت لینے کا حکم دیا تھا۔ چندرنا نے اینٹی کرپشن بیورو سے رابطہ کیا جس کے بعد اینٹی کرپشن بیورو نے ملزم کو پکڑنے کے لیے جال بچھا دیا۔چندرنا نے کانسٹیبل کو 12000 روپئے دئیے جس کے بعد اینٹی کرپشن بیورو کے انسپکٹر وجے لکشمی اور ان کی ٹیم نے بدھ کو ملزم کانسٹیبل کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
کانسٹیبل نے اعتراف کیا کہ سب انسپکٹر نے اسے رشوت لینے کی ہدایت کی تھی۔اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم کانسٹیبل کو حراست میں لے کر تھانے پہنچی تو سب انسپکٹر نے فوراً اپنی وردی کوڑے دان میں پھینک دی اور دفتر سے فرار ہوگیا۔ ٹیم نے اسے پکڑنے کے لیے پیچھا کیا اور بعد میں اسے تھانے کے قریب سڑک پر پکڑ لیا۔



