بنگلورو ،7مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کون نہیں چاہتا کہ کام کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ایک مختصر جھپکی کے ساتھ جسم کو تازگی دی جائے۔ بنگلورو کے ایک اسٹارٹ اَپ کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے کام کے دوران 30 منٹ کی نیند کے وقفے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔کمپنی کا ماننا ہے کہ دوپہر کی مختصر نیند، کارکردگی کی قوت میں اضافہ کرتی ہے۔جمعرات کوویک فٹ سولوشن نے ٹویٹر پر دو تصاویر کے ساتھ ایک پوسٹ شیئر کیا جس میں حق نیند اور ان اوقات کے بارے میں بتایا گیا ہے جب ملازمین سو سکتے ہیں۔پوسٹ کے مطابق ویک فٹ کے شریک بانی چیتنیا راملنگوڈا نے حال ہی میں ساتھیوں کو ایک ای میل بھیجا جس میں اعلان کیا گیا کہ ملازمین اب دوپہر 2 سے 2.30 بجے کے درمیان سو سکتے ہیں۔
انھوں نے ای میل میں نیند کے تعلق سے مزید باتیں بھی لکھی ہیں۔ ٹوئٹر پر کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا کہ ملازمین کو ہر روز دوبجے سے ڈھائی بجے کے درمیان 30 منٹ تک سونے کا حق حاصل ہوگا، اور اس دوران تمام ملازمین کا کیلنڈر آفیشل نیپ ٹائم کے طور پر بلاک کر دیا جائے گا۔کمپنی نے مزید لکھا کہ وہ دفتر میں آرام جھپکی کے لئے پرسکون کمرے بنانے کی طرف بھی کام کر رہے ہیں ،تاکہ ملازمین کے لیے بہترین جھپکی کا ماحول بنایا جا سکے۔



