بیوٹی ٹپس،پیاز قدرتی حسن و جمال کا سبب-حفصہ فاروق بنگلور
مہاسے اور جھائیاں ہونا عام سی بات ہے
پیاز ایک سبزی ہے جو نہ صرف سارا سال دستیاب ہو تی ہے بلکہ کثرت سے کھانوں میں استعمال کی جاتی ہے۔ یہ کھانوں کا ذائقہ بڑھاتی ہے۔ یہ ایک بہت ہی صحت بخش سبزی ہے۔اس کے اندر کئی ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو کئی طرح کے امراض کے علاج میں مدد فراہم کرتے ہیں، اسی طرح اس کا رس بھی اپنے اندر ایسے خواص رکھتا ہے جو جلد اور بالوں کی صحت کیلئے اہم ہیں۔
جلد کیلئے
پیاز کا رس جلد کے کئی مسائل اور اسے صحت مند رکھنے میں بہترین تصور کیا جاتا ہے،یہ چہرے کے نشانات دور کرنے اور اس کی چمک بڑھانے کے لئے بہت مفید ہے۔پیاز کے رس میں وٹامن اے،سی اور ای جیسے انٹی آکسیڈینٹ وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو جلد کے لئے انتہائی مفید ہیں۔
رنگت نکھارنے کیلئے
اگر چہرہ اپنی شادابی کھو بیٹھا ہے تو آپ دل چھوٹا نہ کریں،ایک پیاز کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کریں پھر کسی کپڑے سے چھان کر اس کا عرق نکال لیں،اب اسے چہرے پر لگائیں اور بیس منٹ بعد چہرہ دھو لیں،اسے روز استعمال کریں۔یہ جلد پر مہاسوں اور سیاہی کو صاف کر کے رنگت نکھارے گا،اور ساتھ ہی جھریوں کو بھی دور کر دے گا۔
مہاسوں کیلئے
آج کل بڑھتی ہو ئی آلودگی کی وجہ سے مہاسے اور جھائیاں ہونا عام سی بات ہے پیاز کے عرق کا باقاعدہ استعمال اس مسئلے کا آسان حل ہے کیو نکہ اس میں فلاوونائڈز اور اینٹی آکسیڈینٹ کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے اس مقصد کے لئے پیاز کے عرق میں زیتون کا تیل شامل کر کے اسے چہرے پر لگائیں دس منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
جلد کی چمک کیلئے
پیاز کا رس ایک قدرتی کلینزر ہے،یہ جلد میں موجود گندگی کو صاف کرنے میں مدد کرتا ہے آپ اسے ٹونر یا ماسک کے طور پر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔اس کے لئے ایک چائے کا چمچ بیسن،ایک چائے کا چمچ پیاز کا عرق اور آدھا چائے کا چمچ ملائی،ان تینوں اجزاء کو اچھی طرح مکس کریں اور جلد پر لگائیں بیس منٹ بعد چہرہ دھو لیں اسے ہفتے میں ایک بار ضرور استعمال کریں چند ہی دنوں میں واضح فرق محسوس کریں گے۔
بے داغ جلد کیلئے
جلد پر ایکنی اور دھوپ کی وجہ سے داغ دھبے نمودار ہونا شروع ہو جاتے ہیں پیاز میں وٹامن سی پایا جاتا ہے جسے جلد دوست وٹامن بھی کہتے ہیں،اس کیلئے ایک چائے کا چمچ پیاز کے رس میں چٹکی بھر ہلدی ملا کر روز چہرے پر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں کچھ ہی دنوں میں داغ دھبے دو ہو جائیں گے۔
صاف جلد کیلئے
پیاز خون کو صاف کرتی ہے اس طرح جلد کی رنگت صاف اور نکھری نظر آتی ہے۔اس کے لئے دو کھانے کے چمچ پیاز کاعرق،ایک کھانے کا چمچ بیسن،ایک چائے کا چمچ دودھ اور ایک چائے کا چمچ جائفل ڈال کر فیس ماسک تیار کریں اسے چہرے پر لگائیں اور پندرہ منٹ بعد دھو لیں۔جلد کی رنگت صاف ہو جائے گی۔
بالوں کیلئے
پیاز کا رس بالوں کے لئے بے حد مفید ہے کیو نکہ اس میں سلفر کا فی مقدار میں پایا جاتا ہے یہ مختلف انزائمز اور پروٹین کی پیداوار کے لئے بہت ضروری ہے بال کیراٹین سے بنے ہو تے ہیں اور کیراٹین کا اہم جز سلفر بھی ہے اسی بنا پر پیاز کا رس بالوں کی نشوونماکے لئے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔
پیاز کے رس کے لئے دو درمیانے سائز کی پیاز لے کر اسے بلینڈر میں بلینڈ کر لیں اور کسی کپڑے سے چھان کراس کا رس نکال لیں،کچھ لوگوں کو پیاز کا رس براہ راست سر میں لگانے سے خارش یا جلن ہو سکتی ہے اس لئے اسے کسی تیل یا ایلوویرہ جیل کے ساتھ استعمال کرنا چاہئے اس سے نہ صرف اس کی افادیت میں اضافہ ہوگا بلکہ سر کی جلد جلن اور خارش جیسی کیفیات سے بھی محفوظ رہے گی،پیاز کی بو کو دور کرنے کے لئے اس میں کسی خوشبو دار تیل کے چند قطرے شامل کیے جاسکتے ہیں اس طرح بو سے پاک بہترین مکسچر تیار ہو جائے گا۔
پیاز اور شہد
دو چائے کے چمچ پیاز کا رس اورایک چائے کا چمچ شہد ملا کر اسے بالوں میں لگائیں، بیس منٹ کے بعد کسی کم کیمیکل والے شیمپو سے دھو لیں۔یہ ماسک بالوں کو بڑھانے کے ساتھ انہیں چمکدار بھی بنائے گا،اگر سر میں جلن اور خشکی ہے تو اس سے بھی نجات مل جائے گی۔
پیاز اور کیسٹر آئل
ایک پیاز کا رس نکال کر اس میں اتنی ہی مقدار میں کیسٹرآئل(ارنڈی کا تیل) شامل کریں اور اسے اچھی طرح مکس کریں۔اب اسے سر میں لگائیں اور ایک گھنٹے بعد دھو لیں،یہ ماسک ہفتے میں دو سے تین بار استعمال کریں۔اس سے بال بہت تیزی سے بڑھیں گے اگر آپ کیسٹر آئل استعمال نہیں کرنا چاہتے تو اس کی جگہ ناریل کا تیل بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
پیاز اور ایلو ویرہ
ایک پیاز کا رس نکال کر اس میں ایلوویرہ جیل شامل کریں،اور چند قطرے زیتون کاتیل اگر چاہیں تو شامل کر سکتے ہیں ان سب اجزاء کو اچھی طرح مکس کریں اسے بالوں میں لگائیں،تیس منٹ کے بعد سر دھو لیں، بہتر نتائج کے لئے اسے ہفتے میں دو سے تین بار استعمال کریں یہ بال بڑھانے کے ساتھ بالوں کی قدرتی چمک میں اضافہ کرے گا۔
پیاز اور ادرک
ایک پیاز کا رس نکال کر اس میں اتنی ہی مقدار ادرک کے رس کی شامل کریں اور اسے سر میں لگا کر دائروں کی صورت میں مساج کریں،ایک گھنٹے بعد کم کیمیکل والے شیمپو سے دھو لیں،اسے ہفتے میں ہر دوسرے دن استعمال کریں۔یہ سر میں خون کی روانی کو بہتر کر کے بالوں کی افزائش میں اضافہ کرے گا۔
پیاز اور انڈہ
ایک کھانے کا چمچ پیاز کا رس اور ایک انڈہ ملا کر اچھی طرح پیسٹ تیار کریں،اسے سر میں لگا ئیں اور بیس سے تیس منٹ بعد شیمپو لگاکر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔اسے ہفتے میں ایک سے دو بار استعمال کریں اگر اس کی بو آپ کو ناگوار لگتی ہے تو اس میں کسی خوشبو دار تیل کے چند قطرے شامل کر سکتے ہیں۔اس ماسک میں موجود انڈہ بالوں کو ضروری غذائیت فراہم کرے گا جبکہ پیاز کا رس اس کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
چہرے کی کالی رنگت ختم کرنے کا طریقہکلونجی حسبِ ضرورت لے کر دودھ میں پیس لیں اور ہلکا سا گرم کرلیں۔ رات کو سونے سے پہلے اس سے چہرے کی مالش کریں۔ صبح اچھے صابن سے منہ دھولیں۔ چہرے کی رنگت میں فرق آجائے گا۔ مولی کا پانی نکال لیں۔ تھوڑا سا نمک ساتھ شامل کریں۔ پھر چہرے کا مساج کریں، کافی فائدہ مند ہوگا۔ بھاپ سے یاپانی میں گاجر ابال کر استعمال کرنے سے رنگت صاف رہتی ہے۔ مکئی اور جو کاآٹا ہم وزن لے کر اس کو گرم پانی میں بھگودیں۔ اس میں آدھے لیموں کا رس شامل کریں۔ پھر چہرے پر ملیں بعد میں ہلکے پانی سے دھولیں۔ ہفتے میں چار مرتبہ یہ عمل کریں۔ جلد کیلئے دہی کا استعمالدہی چکنی جلد کے لئے بہترین ہے۔ سردھونے سے قبل اس کا استعمال بہت مفید ہے۔ دہی ایک حیرت انگیز کلنیزر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ دہی چہرے اور سرکی جلد کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ دہی جلد پر سے تمام میل کچیل صاف کردیتی ہے۔=دہی کو کچھ دیر کے لئے چہرے پر لگائیں اور نیم گرم پانی سے صاف کرلیں۔ دہی خاص طور پر کیل مہاسوں اور داغ دھبوں سے متاثرہ جلد کے لئے مناسب ہے۔ |



