
پلکت مہاراج نامی فسطائی مذہبی لیڈر نے کھویا آپا، کہا بھگوا دھاری ’آتنکی ‘ بن جائیں ، اُنہیں کی زبان میں جواب دینا ہوگا، ایف آئی آر درج
غازی آباد ،11اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کبھی نام نہاد’ دھرم سنسد‘ سے تو کبھی عوامی پلیٹ فارم سے شدت پسند ہندو مذہبی رہنماؤں کی طرف سے دیئے جانے والے اشتعال انگیز بیانات کے سلسلے میں ایک اور نیا نام شامل ہو گیا ہے، جو خود کوبزعم خویش مذہبی گرو کہلواتا ہے ، اس شخص کا نام’’ پلکت مہاراج‘‘ہے ۔
اِس شخص یعنی پلکت مہاراج کو اپنے بیان میں بھگوا پہننے والوں سے دہشت گرد بننے کی اپیل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس وائرل بیان کے سلسلے میں صاحب آباد پولیس اسٹیشن میں شالیمار گارڈن کے رہنے والے پلکت مہاراج عرف پلکت مشرا کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پلکت مشرا پر ملک میں بھگوا چولہ پہننے والوں کو دہشت گرد بننے اُبھارنے اور مشتعل کرنے کا الزام ہے۔
اس سے سماج میں نفرت اورشرپسند عناصر کے ذریعہ بدامنی پھیلانے کا بدترین خدشہ ہے ۔صاحب آباد تھانے کے سب انسپکٹر روی بالیان کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اے ایس پی ابھیجیت آر شنکر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی ابھی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ٹیم کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔



