نئے باب کا آغاز: آر پی این سنگھ یوپی انتخابات سے قبل کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل
نئی دہلی،25؍ جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس کے سینئر لیڈر آر پی این سنگھ منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئے۔ بی جے پی میں شمولیت پر انہوں نے کہا کہ یہ میرے لئے ایک نئی شروعات ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ یہ میرے لیے ایک نئی شروعات ہے۔
میں عزت مآب وزیر اعظم نریندر مودی جی، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا جی اور وزیر داخلہ امیت شاہ جی کی دور اندیش قیادت اور رہنمائی میں ملک کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کا منتظر ہوں۔ آج انہوں نے کانگریس سے استعفیٰ دے دیا ہے، انہوں نے استعفیٰ دیتے ہوئے لکھاکہ آج جب پوری قوم یوم جمہوریہ منا رہی ہے، میں اپنی سیاسی زندگی کا ایک نیا باب شروع کر رہا ہوں۔
آر پی این سنگھ نے اپنا استعفیٰ کانگریس صدر سونیا گاندھی کو بھیج دیا۔۔آر پی این سنگھ 1996 سے 2009 تک اتر پردیش کے پڈرونا حلقہ سے ایم ایل اے بھی رہ چکے ہیں۔ سنگھ جن کا تعلق مشرقی یوپی کے کشی نگر سے ہے، ایک بار لوک سبھا کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔سنگھ کا استعفیٰ اتر پردیش میں کانگریس کے لیے بڑا جھٹکا ثابت ہوسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال راہل گاندھی کے دوسرے ساتھی جتن پرساد نے بھی کانگریس پارٹی چھوڑ دی تھی۔ اس کے بعد وہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔ بعد میں انہیں یوگی کابینہ میں وزیر بنایا گیا تھا۔



