انڈیگو کے دو طیارے ہوا میں ٹکرانے کے بعد واقعہ کی کسی کو اطلاع نہیں دی گئی، واقعہ کی تحقیقات شروع
بنگلور، 19جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) گزشتہ 9 جنوری کو بنگلور Bengaluru ہوائی اڈے پر ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا۔ یہاں انڈیگو IndiGo ایئر لائن کے دو طیارے ہوا میں ٹکرانے کے بعد بال بال بچ گئے۔ یہ صورتحال 9 جنوری کی صبح طیاروں کے اڑان بھرنے کے فوراً بعد پیدا ہوئی تھی۔ ایوی ایشن ریگولیٹر ڈی جی سی اے DGCA (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن) کے سینئر افسران نے بدھ کو ا س کی جانکاری دی۔
حکام نے کہا کہ یہ واقعہ کسی لاگ بک میں درج نہیں ہے، اور نہ ہی اس کی اطلاع ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا (Airports Authority of India) کو دی گئی تھی۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈی جی سی اے کے سربراہ ارون کمار نے کہا ہے کہ ریگولیٹر معاملہ کی جانچ کر رہا ہے اور قصوروار پائے جانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وہیں اس سلسلے میں انڈیگو اور اے اے آئی کی طرف سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ ڈی سی جی اے حکام نے بتایا کہ انڈیگو کی دو پروازوں، 6E455 (بنگلور سے کولکاتہ) اور 6E246 (بنگلورو سے بھونیشور) کے درمیان بنگلورو ہوائی اڈے پر آپس میں ٹکراتے ٹکراتے بچے ،ان دونوں طیاروں نے 9 جنوری کی صبح تقریباً پانچ منٹ کے وقفے سے بنگلور ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ دونوں طیارے ٹیک آف کے بعد ایک دوسرے کی طرف بڑھ رہے تھے، لیکن بروقت اپروچ ریڈار کنٹرولر نے رخ موڑ دیا اور دونوں طیارے ہوا میں ٹکرانے سے بچ گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں،کیس میں قصوروار پائے جانے والوں کیخلاف مقررہ ضابطہ کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔



