بنگلورو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بنگلور میں پولیس نے دو مسلم نوجوانوں کو مبینہ طور پر اس شخص پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے جس نے ایک مسلمان عورت کو اپنی موٹر سائیکل پر لفٹ دی تھی۔
ایسٹ بنگلور کے ڈپٹی کمشنر پولیس سری ناتھ جوشی نے بتایا کہ پولیس نے ان دونوں مسلم نوجوانوں کو ایک ویڈیو کا نوٹس لینے کے بعد گرفتار کیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔
اردودنیا ایپ انسٹال کے لیے کلک کریں
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انسپکٹر نٹراج کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ویڈیو کی بنیاد پر کارروائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کی رات بنرگٹا روڈ پر ڈیری سرکل کے قریب پیش آیا۔ دونوں گرفتار ملزمان ایک نجی بینک میں کام کرتے ہیں اور ڈیوٹی کے بعد گھر واپس لوٹ رہے تھے۔
دوسری جانب ریاست کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی نے پولیس کی کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت ایسے واقعات سے سختی سے نمٹتی ہے۔انہوں نے ٹویٹ کیاکہ "بنگلورو پولیس نے تیزی سے کام کرتے ہوئے موٹرسائیکل سوار نوجوان پر حملہ کرنے کے معاملے میں دو ملزموں کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کیا ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ، جس میں ایک برقع پہننے والی خاتون موٹر سائیکل پر جا رہی ہے ، جسے دیکھنے کے بعد ملزموں نے موٹرسائیکل کو روکا اور ایک نوجوان نے خاتون سے پوچھا کہ وہ غیر مسلم کے ساتھ سفر کیوں کررہی ہے۔
پھر وہ خاتون کو گالیاں دیتے ہوئے دھمکاتے ہیں۔ ان میں سے ایک نے خاتون کے شوہر کو بھی فون کیا اور سوال کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو غیر مسلم کے ساتھ سفر کی اجازت کیوں دی؟ اس دوران دونوں نے موٹر سائیکل پر سوار شخص پر حملہ بھی کیا۔ بعد میں وہ عورت کو ٹووہیلر سے اترنے پر مجبور کرتے ہیں اور ایک آٹورکشا کرایہ پر لے کر اسے اس کے گھر بھیج دیتے ہیں۔



