ممبئی ، 8نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس لیڈر کرشن کمار کیدارناتھ پانڈے (80 سال) کا منگل کی صبح ناندیڑ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مہاراشٹر میں سیوا دل کے ریاستی جنرل سکریٹری پانڈے کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا ناندیڑ سے مہاراشٹر میں داخل ہوئی ہے۔ آج صبح سیوا دل کے ریاستی جنرل سکریٹری کرشن کمار پانڈے یاترا میں شامل ہوئے اور قومی پرچم تھامے ہوئے تھے۔ دگ وجے سنگھ اور دیگر رہنما ان کے ساتھ چل رہے تھے۔چند منٹوں کے بعد وہ جھنڈا دوسرے ساتھی کے حوالے کرتے ہوئے پیدل چلنے لگے۔ اس کے بعد ہی پانڈے اچانک گر پڑے اور انہیں فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے پانڈے کو مردہ قرار دیدیا۔
کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری اور کمیونی کیشن انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے سب سے افسوسناک لمحہ ہے۔ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا پیر کی رات مہاراشٹر میں داخل ہوئی ہے۔گاندھی مہاراشٹر کے پانچ اضلاع میں 15 اسمبلی اور 6 پارلیمانی حلقوں کا احاطہ کرتے ہوئے 15 دنوں میں 382 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گیگ پارٹی کے شیڈول کے مطابق یاترا 20 نومبر کو مدھیہ پردیش میں داخل ہوگی۔



